فارن فنڈنگ کیس: تحریک انصاف نے اسکروٹنی کمیٹی کے پاس دستاویزات جمع کرا دیں

اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2020
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دستاویزات کمیٹی کے حالیہ سوالنامے کے جواب میں جمع کرائی گئیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دستاویزات کمیٹی کے حالیہ سوالنامے کے جواب میں جمع کرائی گئیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فارنگ فنڈنگ کیس میں اس کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کرنے والے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اسکروٹنی کمیٹی کے پاس مزید دستاویزات جمع کرا دی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ دستاویزات جمعرات کو کمیٹی کے حالیہ سوالنامے کے جواب میں جمع کرائی گئیں۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کا آڈٹ کرنے والی کمیٹی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

جمعرات کو دو ماہ سے زیادہ کے وقفے کے بعد کمیٹی کا اجلاس ہوا جس نے اب تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تازہ ترین دستاویزات پر نظرثانی کے لیے وقت مانگا ہے تاہم کمیٹی نے درخواست گزار اکبر ایس بابر کے ساتھ نئی دستاویزات شیئر کرنے سے انکار کردیا۔

اکبر ایس بابر نے ایک بیان میں کہا کہ اگر شوگر اسکینڈل کے سلسلے میں 10 کمپنیوں کا فرانزک آڈٹ چند ہفتوں میں مکمل ہوسکتا ہے تو پی ٹی آئی کے کھاتوں کے تفصیلی فرانزک آڈٹ میں تقریبا 3 سال نہیں لگنے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ عوام طویل تاخیر سے چلائے گئے کیس کا جلد نتیجہ چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 6 سال سے زائد عرصے سے زیر التوا کیس کی سماعت اور نتیجہ اخذ کرنا چاہیے۔

دریں اثنا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج اسلام آباد محمد علی وڑائچ نے تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر کے خلاف وزیر اعظم عمران خان کے توسط سے پی ٹی آئی کی جانب سے دائر ہتک عزت کیس کو خارج کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کے 23 بینک کھاتوں کی تفصیلات اکبر ایس بابر کو فراہم کرنے سے انکار

یہ کیس گزشتہ سال جولائی میں درج کیا گیا تھا جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے سبب ہونے والے نقصانات کے لیے اکبر ایس بابر سے 5 ارب روپے کی وصولی کا مطالبہ کیا تھا۔

اکبر ایس بابر کی جانب سے بدر اقبال چوہدری عدالت میں پیش ہوئے تھے جبکہ حسن رشید قمر نے تحریک انصاف کی نمائندگی کی، بدر اقبال چوہدری بھی پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ ​​کیس میں سید احمد حسن شاہ کی سربراہی میں قانونی ٹیم کا حصہ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں