پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 152 نئے کیسز، مزید 85 اموات

اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2020
وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی
وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز اور اموات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 39 ہزار 345 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 152 کے نتائج مثبت آئے جبکہ 85 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 824 مریض اس وائرس سے شفایاب بھی ہوگئے۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 67 ہزار 222 ہوگئی جس میں سے 4 لاکھ 18 ہزار 958 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 9 ہزار 753 کا انتقال ہوا ہے جبکہ فعال کیسز کی مجموعی تعداد 38 ہزار 511 ہے۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو چین میں گزشتہ برس دسمبر سے شروع ہونے والی اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو پاکستان میں رپورٹ ہوا تھا۔

جس کے بعد ابتدائی ایک مہینے تک اس وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی نہیں دیکھی گئی تھی تاہم اپریل سے جون تک اس وائرس میں تیزی آئی اور جون کے مہینے میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں۔

تاہم پھر جولائی کے آخر میں اس وبا کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی تھی اور صورتحال کافی حد تک معمول کے مطابق ہوگئی تھی۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط میں ایک مرتبہ پھر کیسز میں کچھ اضافہ شروع ہوا جو اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورت اختیار کرگیا اور اب دسمبر میں بھی یہی سلسلہ جاری ہے۔

آج 25 دسمبر کو صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 107 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 8 ہزار 514 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس عالمی وبا کے باعث ایک روز میں 21 اموات ہوئیں اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 440 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 471 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 345 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 48 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 831 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 384 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 56 ہزار 544 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 8 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 585 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 18 ہزار 28 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 181 پر برقرار رہی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 123 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 844 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 4 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 402 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 38 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 103 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 213 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے صرف 6 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 844 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں کورونا وائرس سے 2 اموات ہوئیں جس کے بعد وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 824 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 18 ہزار 958 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 467222

صحتیاب: 418958

اموات: 9753

فعال کیسز: 38511

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 8 ہزار 514 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 345 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 56 ہزار 544 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 28 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 36 ہزار 844، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 103 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 844 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3440

پنجاب:3831

خیبرپختونخوا: 1585

بلوچستان: 181

اسلام آباد: 402

آزاد کشمیر: 213

گلگت بلتستان:101

تبصرے (0) بند ہیں