فواد عالم نے ایک ہی اننگز میں کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے

اپ ڈیٹ 31 دسمبر 2020
فواد عالم نے 269 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
فواد عالم نے 269 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست ہوئی لیکن قومی ٹیم کے بلے باز فواد عالم سنچری بنا کر کئی ریکارڈز اپنے نام کر گئے۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 101 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں: فواد عالم کی سنچری کے باوجود پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست

میچ کے آخری دن فواد عالم کی سنچری اور کپتان محمد رضوان کے ساتھ عمدہ شراکت بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی۔

ایک عرصے بعد دورہ انگلینڈ کے ذریعے قومی ٹیم میں واپس آنے والے فواد عالم نے مشکل حالات میں سنچری اسکور کر کے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کردیا۔

فواد عالم نے پہلی سنچری 11سال قبل ڈیبیو پر سری لنکا کے خلاف اسکور کی تھی اور اس کے بعد فواد عالم نے صرف چھ ٹیسٹ میچ کھیلے اور اگلی سنچری آج 4 ہزار 218 دن کے بعد اسکور کی۔

یہ پہلی اور دوسری سنچری کے درمیان تیسرا بڑا فرق ہے جہاں سب سے زیادہ 5 ہزار 93 دن کے بعد اسکور کی تھی جبکہ بھارت کے مشتاق علی کی پہلی اور دوسری سنچری کے درمیان 4 ہزار 544 دن کا فرق تھا جس کے بعد فواد عالم کی پہلی اور دوسری سنچری کے درمیان فرق اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

فواد عالم اور اور محمد رضوان نے 165 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی
فواد عالم اور اور محمد رضوان نے 165 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی

فواد عالم نے چوتھی اننگز میں 269 گیندیں کھیلیں اور اب تک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پانچویں نمبر یا اس سے نیچے آکر اس سے زیادہ صرف 9 بلے باز ہی اتنی گیندیں کھیل سکے ہیں، جبکہ اس صدی میں صرف دو بلے باز ایسا کر سکے ہیں۔

فواد عالم اور محمد رضوان نے 165 رنز کی شراکت کے دوران 380 گیندوں کا سامنا کیا اور یہ چوتھی اننگز میں گیندوں کے اعتبار سے پاکستان کی دوسری سب سے بڑی شراکت ہے جہاں سب سے زیادہ 400 گیندیں کھیلنے کا اعزاز یونس خان اور شان مسعود کی جوڑی کے پاس ہے جنہوں نے 2015 میں سری لنکا کے خلاف 400 گیندیں کھیلی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیوی فاسٹ باؤلر جیمیسن پر فہیم اشرف کی طرف گیند پھینکنے پر جرمانہ

دونوں کھلاڑیوں نے ایک اور اعزاز بھی حاصل کیا اور اب تک ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی اننگز میں میچ کے پانچویں دن اس سے زیادہ صرف تین شراکتیں قائم ہوئی ہیں۔

اس سے قبل 165 رنز سے زائد کی ایک شراکت انگلینڈ کے بین اسٹوکس اور جوز بٹلر نے بنائی تھی جبکہ دو شراکتیں اے بی ڈی ویلیئرز اور فاف ڈیوپلیسی کی جوڑی نے بنائیں۔

پاکستان نے اننگز میں 123.3 اوورز کھیلے اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان نے چوتھی اننگز میں اس سے قبل صرف تین مواقع پر اس سے زیادہ اوورز کھیلے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں