بھارت ہائبرڈ وارفیئر کے تحت مزدوروں کی ہلاکت جیسے واقعات کرا رہا ہے، وزیر خارجہ

اپ ڈیٹ 04 جنوری 2021
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومںٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا— فوٹو بشکریہ وزارت اطلاعات
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومںٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا— فوٹو بشکریہ وزارت اطلاعات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بلوچستان میں مزدوروں کی ہلاکت کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت، پاکستان کے اندر دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے اور ہائبرڈ وار فیئر کے ذریعے دہشت گردی کے واقعات کروا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے احتجاج اور ملکی و علاقائی صورتحال کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کل بہاولپور میں پی ڈی ایم کا شو تھا مگر اس میں پاور نہیں تھی اس لیے میں اسے 'پاور شو' نہیں کہوں گا۔

مزید پڑھیں: اگر پی ڈی ایم جماعتیں مل کر سینیٹ انتخابات لڑیں تو اچھا مقابلہ کرسکتی ہیں، بلاول

ان کا کہنا تھا کہ مریم صاحبہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو محروم رکھا گیا تو دیکھنا یہ ہے کہ جنوبی پنجاب کو محروم کس نے رکھا؟ پچھلی کئی دہائیوں سے پنجاب میں کس کی حکومت تھی؟ کس کے دور میں غیر منصفانہ طور پر جنوبی پنجاب کے فنڈز کہیں اور خرچ کیے گئے؟ کس کے دور میں یہ نعرہ گونجتا رہا کہ 'اساں قیدی تخت لاہور دے'۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے مختصر عرصے میں جنوبی پنجاب کے حوالے سے دو بڑے فیصلے کیے ہیں جس کے تحت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لیے ملتان اور بہاولپور میں دو انتظامی سیکریٹریٹ قائم کیے گئے جبکہ جنوبی پنجاب کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے جو جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم شروع سے کہہ رہے ہیں کہ وہ آواز جو بھارت کے بیانیہ سے مطابقت رکھتی ہو گی اس سے کیا قومی خدمت ہو سکتی ہے؟ اس وقت ہندوستان ہماری سرحدوں پر گولہ باری کر رہا ہے، آئے روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو معلوم ہونا چاہیے کہ بھارت، پاکستان کے اندر دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے اور بلوچستان میں یکے بعد دیگرے واقعات ہو رہے ہیں، ان حالات میں جب آپ اداروں پر تنقید کرتے ہیں تو آپ بھارتی بیانیے کی ترویج کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: مچھ میں اغوا کے بعد 11 کان کنوں کا قتل

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ریاست کے مفادات کا تحفظ کرتی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کل بلوچستان میں مزدوروں کی ہلاکت کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہندوستان ہائبرڈ وار فیئر کے ذریعے ایسے واقعات کروا رہا ہے تاکہ لوگوں میں بددلی پھیلے اور پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری متاثر ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی اپوزیشن کی قیادت کو بلوچستان کے معاملات میں دلچسپی لینی چاہیے اور لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ای یو ڈس انفولیب کے چشم کشا انکشافات دنیا کے سامنے آ چکے ہیں اور اس رپورٹ نے بھارت کے اصلی چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ہم نے ایک ڈوزئیر کے ذریعے بھارتی دہشت گردی کے حوالے سے اہم شواہد اور حقائق کو دنیا کے سامنے رکھ دیا ہے، بھارت کی ہندوتوا پالیسیوں کی وجہ سے سیکولرازم کا تصور دفن ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں: اسٹیبلشمنٹ، سلیکٹرز اور سلیکٹڈ دیکھ رہا ہے پنجاب کے عوام جاگ گئے ہیں، مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ آج بھارت میں امتیازی قوانین کے ذریعے اقلیتوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، پورے بھارت میں کسان سراپا احتجاج ہیں اور بین الاقوامی میڈیا بھی کھل کر بھارت کے خلاف لکھ رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہم ہر فورم پر اٹھا رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے، حق خود ارادیت کی تحریک کامیابی سے ضرور ہمکنار ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی نے اپنی تنظیم دختران ملت کے فورم سے کشمیری خواتین میں ایک نیا ولولہ بیدار کیا ہے، قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیری خواتین کی آبرو ریزی کے خلاف بھرپور اور مؤثر آواز بلند کی لیکن اس موثر آواز کو دبانے کے لیے جھوٹے مقدمات کے ذریعے انہیں پچھلے 15 سال سے قید میں رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور جنیوا میں ہیومن رائٹس کمشنر کو خطوط ارسال کیے اور ان سے مطالبہ کیا کہ ان سب قائدین کو فری اور فیئر ٹرائل کی سہولت فراہم کرتے ہوئے تمام سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: فوجی قیادت اپنی پوزیشن واضح کرے کیا اس نااہل حکومت کی پشت پر ہے، مولانافضل الرحمٰن

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے ہیومن رائٹس کمشنر کی دو غیر جانبدارانہ انکوائری رپورٹس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اقوام متحدہ کمیشن آف انکوائری کے ذریعے زمینی حقائق کے حوالے سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Kashif Jan 05, 2021 10:32am
اس 'خاص قومیت' کو نشان جرات و بسالت و امتیاز ہی دے دیں کہ بیچاروں کے خاندان کے خاندان اُجڑ گئے ہیں ہیں اس ملک سے وفاداری میں۔