ثنا میر بھی کورونا کا شکار ہوگئیں

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2021
ثنا میر اب کرکٹ کے میدانوں میں کمنٹری کرتی دکھائی دیتی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
ثنا میر اب کرکٹ کے میدانوں میں کمنٹری کرتی دکھائی دیتی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور کرکٹ کمنٹیٹر ثنا میر بھی دیگر شخصیات کی طرح کورونا کا شکار ہوگئیں، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

ثنا میر نے اپریل 2020 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وہ کرکٹ کمنٹری سے منسلک ہوگئیں اور ان دنوں وہ ایک کرکٹ ایونٹ میں کمنٹری کے فرائض سر انجام دے رہی تھیں کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

ثنا میر نے اپنی فیس بک و ٹوئٹر پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان میں 5 جنوری کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

سابق کرکٹر و کمنٹیٹر نے بتایا کہ ان کے قریب رہنے والے دیگر افراد نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا مگر خوشق سمتی سے ان میں سے کسی میں بھی کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔

انہوں نے اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں کورونا کی بہت سخت علامات نہیں ہیں تاہم ان میں کورونا کی بعض علامات موجود ہیں۔

انہوں نے پوسٹ کے ذریعے مداحوں اور عام افراد کو اپیل کی کہ ہر وقت فیس ماسک پہن کر رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ثنا میر کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ثنا میر نے کورونا کی تصدیق کے ساتھ ہی اپنی ایک اور پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے اپنا 35 واں جنم دن بھی قرنطینہ میں احتیاطی تدابیر اور اپنے اہل خانہ سے دور رہ کر منایا۔

انہوں نے سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ثنا میر سے قبل بھی متعدد اسپورٹس شخصیات میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس میں سے زیادہ افراد صحت یاب ہوگئے۔

گزشتہ برس نیوزی لینڈ کے دورے پر گئی قومی ٹیم کے تقریبا تمام ہی کرکٹرز میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی تاہم تمام کرکٹرز 2 ہفتوں کے اندر ہی صحت یاب ہوگئے تھے۔

اسپورٹس شخصیات کے علاوہ ملک میں شوبز شخصیات و سیاستدانوں اور سماجی رہنمائوں میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی تاہم ان میں سے زیادہ تر افراد 2 سے 3 ہفتوں میں صحت یاب ہوگئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں