وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات،سانحہ مچھ کےذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم

11 جنوری 2021
ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے — فوٹو: ڈان نیوز
ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں سانحہ مچھ کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کا عزم کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔

ملاقات میں قومی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں سانحہ مچھ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات کا عزم کیا گیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزیوں پر بھی غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم سے آرمی چیف، سربراہ آئی ایس آئی کی ملاقات

واضح رہے کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران وزیر اعظم اور آرمی چیف کی یہ دوسری ملاقات ہے، جو سانحہ مچھ کے تقریباً دس روز بعد سامنے آئی ہے۔

3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 10 کان کنوں کو قتل کردیا تھا، جو کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی تھے۔

واقعے کے بعد ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اپنے پیاروں کی میتیں رکھ کر احتجاج شروع کردیا تھا۔

انتہائی سرد موسم میں منفی درجہ حرارت کے دوران خواتین، بچوں سمیت ہزاروں افراد اس احتجاج میں شریک تھے، جو مسلسل چھ روز جاری رہا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد، سانحہ مچھ کے لواحقین سے ملاقات

مظاہرین کا مختلف مطالبات کے ساتھ ساتھ ایک مطالبہ یہ بھی ہے کہ وزیراعظم کے آنے تک وہ اپنے پیاروں کی تدفین نہیں کریں گے۔

تاہم بعد ازاں حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد میتوں کی تدفین کردی گئی اور اگلے روز وزیر اعظم نے کوئٹہ پہنچ کر لواحقین سے ملاقات کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں