کورونا وائرس: ملک میں مزید 43 افراد کا انتقال، فعال کیسز 34 ہزار سے زائد

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2021

ای میل

وائرس کے کیسز ہزاروں میں رپورٹ ہورہے ہیں—تصویر: محمد عاصم
وائرس کے کیسز ہزاروں میں رپورٹ ہورہے ہیں—تصویر: محمد عاصم

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز ہزاروں جبکہ اموات درجنوں میں دیکھی جارہی ہیں اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں ملک میں کورونا ویکسین ایسٹرازینیکا کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ملک میں سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے حوالے سے قائم کردہ پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 521 کیسز سامنے آئے جبکہ 43 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تاہم ایک ہزار 540 لوگ خوش نصیب تھے جو اس وبا سے شفایاب ہوگئے۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 19 ہزار 291 ہوگئی جس میں سے 91.2 فیصد یعنی 4 لاکھ 73 ہزار 639 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 951 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 701 رہ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں تھی۔

تاہم دسمبر میں کیسز اور اموات کے سلسلے میں کچھ حد تک کمی دیکھی گئی تاہم اب بھی ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات رپورٹ ہورہی ہیں۔

آج 17 جنوری کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 258 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 654 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 6 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 775 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 734 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 49 ہزار 222 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 22 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 409 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 343 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 63 ہزار 339 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 779 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 569 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کسی فرد کا اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 190پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 131 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزار 19 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 6 مریض جاں بحق ہوئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 456 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 23 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 606 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 3 مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 241 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 882 پر برقرار ہے۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 540 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 73 ہزار 639 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 519291

صحتیاب: 473639

اموات: 10951

فعال کیسز: 34701

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 654 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 49 ہزار 222 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 63 ہزار 339 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 569 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 40 ہزار 19، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 606 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3775

پنجاب: 4409

خیبرپختونخوا: 1779

بلوچستان: 190

اسلام آباد: 456

آزاد کشمیر: 241

گلگت بلتستان: 101