واٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی میں تبدیلیوں کے بعد اس کی مخالف میسجنگ ایپس ٹیلیگرام اور سگنل میں لاکھوں نئے صارفین کا اضافہ ہوا، جو اپنے پیغامات کو دیگر کی رسائی سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔

مگر ایک بات کو بیشتر افراد نے نظرانداز کردیا یا ان کو علم نہیں کہ سگنل کے برعکس ٹیلیگرام میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن بائی ڈیفالٹ نہیں۔

اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ بھیجنے والا اور موصول کرنے والا ہی پیغامات کو دیکھ سکتا ہے، ایپ کے میزبان سرور بھی ان پیغامات کو نہیں پڑھ سکتے۔

اگر وہ سرورز ہیک بھی ہوجائیں تو بھی صارفین کے پیغامات تک رسائی ہیکرز کے لیے ممکن نہیں ہوتی۔

تو یہ کہنا درست ہوگا کہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن محفوظ میسجنگ کے لیے ضروری عنصر ہے۔

نیویارک ٹائمز کے ٹیکنالوجی رپورٹر مائیک آئزک نے ایک ٹوئٹ میں سگنل اور ٹیلیگراف کے درمیان فرق کو واضح کیا۔

انہوں نے لکھا کہ سگنل ایک کلاسیک میسنجر ہے جس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپڈ بائی ڈیفالٹ ہے، جبکہ ٹیلیگرام ایک سوشل نیٹ ورک پلس میسنجر کی طرح ہے جس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن بائی ڈیفالٹ نہیں۔

ایف اے کیو پیج میں بھی واضح کیا گیا کہ صارف اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ چیٹ کے لیے 'سیکرٹ' چیٹ کا فیچر استعمال کرسکتا ہے۔

ٹیلیگرام میں پبلک، پرائیویٹ اور سیکرٹ چیٹ موڈز ہیں۔

سیکرٹ چیٹ 2 افراد کے درمیان ہوتی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ٹیلیگرام کی پرائیویٹ گروپ یٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ نہیں۔

اس کے مقابلے میں سگنل بائی ڈیفالٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہے، بالکل واٹس ایپ کی طرح۔

فیس بک میسنجر میں بھی انکرپشن بائی ڈیفالٹ نہیں بلکہ ٹیلیگرام کی طرح وہاں بھی سیکرٹ چیٹ موڈ کے فیچر کو استعمال کرنا ہوتا ہے۔

فیس بک کے زیرملکیت واٹس ایپ میں بھی گروپ، دوستوں اور خاندان کے درمیان چیٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہیں، مگر آنے والے مہینوں میں بزنس چیٹس یں ایسا نہیں ہوگا۔

نئی پرائیویسی پالیسی میں بزنس چیٹ انکرپشن میں ہی تبدیلیاں لائی گئی ہیں جس کا اطلاق 8 فروری کو ہونا تھا، مگر صارفین کے شدید ردعمل کے بعد پالیسی کا نفاذ 15 مئی تک ملتوی کردیا گیا۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ واٹس ایپ میں لوگوں کے درمیان بات چیت بائی ڈیفالٹ انکرپٹڈ ہے مگر یہ تحفظ 15 مئی کے بعد کسی بزنس اکاؤنٹ سے چیٹ پر حاصل نہیں ہوگا، بلکہ اس تک فیس بک یا تھرڈ پارٹیز کو رسائی حاصل ہوگی۔

جب صارفین کسی بزنس اکاؤنٹ سے چیٹ اسٹارٹ کرے گا تو ایک ہلکے نیلے رنگ کا میسج اوپر نظر آئے گا جس میں وضاحت کی جائے گی کہ کسی قسم کی پرائیویسی فراہم کی جارہی ہے۔

ابھی کسی بزنس اکاؤنٹ پر چیٹ کے دوران اوپر ایک زرد رنگ کا میسج اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

آسان الفاظ میں سگنل ہمیشہ سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہے، واٹس ایپ میں فرینڈز، فیملی اور ابھی بزنس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن ہے مگر چند ماہ بعد بزنس چیٹس میں یہ تحفظ نہیں ہوگا۔

فیس بک میسنجر اور ٹیلیگرام بائی ڈیفالٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہے، وہاں اس مقصد کے لیے سیکرٹ چیٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔

ٹیلیگرام میں یہ سہولت صرف 2 افراد کے درمیان بات چیت میں ہوتی ہے۔

تو اگر آپ کسی میسجنگ ایپ کا انتخاب اپنے پیغامات کے تحفظ کے لیے کرنا چاہتے ہیں تو یہ فیصلہ آپ کو تمام عوامل مدنظر رکھ کر کرنا چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں