وینا ملک کے بچوں کی تحویل کا معاملہ:عدالت نے 2 وزارتوں سے جواب طلب کرلیا

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2021
دونوں کو دو بچے ہیں، جن کی تحویل پر تنازع چل رہا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
دونوں کو دو بچے ہیں، جن کی تحویل پر تنازع چل رہا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر کی جانب سے دائر کردہ درخواست کے بعد وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے جواب طلب کرلیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وینا ملک کے سابق شوہر اسد بشیر خٹک کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔

دوران سماعت اسد خٹک کے وکیل نے عدالت کو آگاہی دی کہ اسد بشیر 5 سالہ امل اور 6 سالہ ابراہم کے والد ہیں اور دونوں بچے امریکی شہریت بھی رکھتے ہیں۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اسد بشیر اور ان کی سابق اہلیہ زاہدہ ملک المعروف وینا ملک کے درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کی ایک عدالت میں ازدواجی مسائل سے متعلق ایک کیس تاحال زیر سماعت ہے۔

وینا ملک نے سابق شوہر کے خلاف بدنام کرنے پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
وینا ملک نے سابق شوہر کے خلاف بدنام کرنے پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

اسد خٹک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دبئی کی مذکورہ عدالت نے 4 اپریل 2018 کو احکامات جاری کیے تھے کہ ان کے بچوں کو دبئی کی حدود سے باہر نہیں لے جایا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: وینا ملک کی سابق شوہر کے خلاف ایک ارب ہرجانے کی درخواست

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں الزام عائد کیا کہ وینا ملک نے دبئی میں موجود قونصل خانے کے عملے کے تعاون سے غیر قانونی طور پر ان کے دونوں معصوم بچوں کو پاکستان منتقل کیا۔

انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ دبئی میں موجود پاکستانی قونصل خانے کے ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

اسد بشیر کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو اپنے تحریری جوابات آئندہ ماہ 4 فروری تک جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ اسد بشیر خٹک اور وینا ملک نے 2013 میں شادی کی تھی اور دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔

بشیر خٹک کا دعویٰ ہے کہ وینا ملک ان کے بچوں کو دبئی سے اغوا کرکے پاکستان لے آئی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
بشیر خٹک کا دعویٰ ہے کہ وینا ملک ان کے بچوں کو دبئی سے اغوا کرکے پاکستان لے آئی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

دونوں کو دو بچے ہیں، جو اس وقت وینا ملک کے پاس پاکستان میں موجود ہیں۔

اسد بشیر خٹک گزشتہ کچھ عرصے سے دعویٰ کرتے آ رہے ہیں کہ بچوں کی تحویل ان کے پاس ہے اور دبئی کی عدالت نے احکامات جاری کر رکھے ہیں کہ ان کے بچوں کو دبئی کی حدود سے باہر نہیں لے جایا جا سکتا۔

تاہم ساتھ ہی وہ الزام عائد کرتے آ رہے ہیں کہ وینا ملک نے دبئی میں موجود پاکستانی قونصل خانے کی مدد سے بچوں کو دبئی سے پاکستان اسمگل کیا۔

مزید پڑھیں: سابق شوہر کا وینا ملک کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس

دوسری جانب وینا ملک کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی عدالت نے بچوں کی تحویل ان کے سپرد کر رکھی ہے۔

دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے پر ایک دوسرے کو ہرجانے کے نوٹس بھی بھجوا رکھے ہیں جب کہ وینا ملک نے لاہور کی عدالت میں سابق شوہر کے خلاف ایک ارب ہرجانے کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

وینا ملک کا دعویٰ ہے کہ 25 ستمبر 2019 کو راولپنڈی کے فیملی جج افضال احمد ثاقب نے بچوں کی تحویل ان کے سپرد کی تھی، تاہم اسد بشیر خٹک کا دعویٰ ہے کہ دبئی کی عدالت نے بچوں کو دبئی میں ہی رکھنے کا حکم دیا تھا۔

دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں