پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرگئی

19 جنوری 2021
ملک میں اموات 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں—فائل فوٹو: فہیم صدیقی/ وائٹ اسٹار
ملک میں اموات 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں—فائل فوٹو: فہیم صدیقی/ وائٹ اسٹار

دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس کی پاکستان میں دوسری لہر جاری ہے اور اس کے کیسز لاکھوں جبکہ اموات ہزاروں میں پہنچ چکی ہیں تاہم ایک بہت بڑی تعداد میں مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے حوالے سے قائم کردہ پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 800 کیسز سامنے آئے جبکہ 58 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تاہم ایک ہزار 243 لوگ خوش نصیب تھے جو اس وبا سے شفایاب ہوگئے۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 23 ہزار 11 ہوگئی جس میں سے 91.1 فیصد یعنی 4 لاکھ 76 ہزار 471 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 11 ہزار 55 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 485 رہ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں تھی۔

تاہم دسمبر میں کیسز اور اموات کے سلسلے میں کچھ حد تک کمی دیکھی گئی تاہم اب بھی ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات رپورٹ ہورہی ہیں۔

آج 19 جنوری کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 954 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار 530 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 20 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 813 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 534 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 316 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 28 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 460 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 210 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 63 ہزار 825 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 8 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 791 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 622 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کسی فرد کا اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 190پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 66 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزار 177 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 457 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 23 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 654 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 243 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 3 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 887 پر جا پہنچی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 243 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 76 ہزار 471 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 523011

صحتیاب: 476741

اموات: 11055

فعال کیسز: 35485

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار 530 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 316 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 63 ہزار 825 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 622 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 40 ہزار 177، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 654 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 887 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3813

پنجاب: 4460

خیبرپختونخوا: 1791

بلوچستان: 190

اسلام آباد: 457

آزاد کشمیر: 243

گلگت بلتستان: 101

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں