کورونا وائرس: ملک میں مزید 2 ہزار 46 افراد صحتیاب، فعال کیسز 35 ہزار سے زائد

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2021
ملک میں فعال کیسز 35 ہزار سے زائد رہ گئے ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں فعال کیسز 35 ہزار سے زائد رہ گئے ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے تاہم گزشتہ چند روز سے یومیہ کیسز کی تعداد میں کچھ حد تک کمی دیکھی گئی ہے تاہم اموات کی تعداد درجنوں میں رپورٹ ہورہی ہے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے حوالے سے قائم کردہ پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 772 کیسز سامنے آئے جبکہ 48 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تاہم 2 ہزار 46 لوگ خوش نصیب تھے جو اس وبا سے شفایاب ہوگئے۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 783 ہوگئی جس میں سے 91.2 فیصد یعنی 4 لاکھ 78 ہزار 517 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 11 ہزار 103 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 163 رہ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں تھی۔

تاہم دسمبر میں کیسز اور اموات کے سلسلے میں کچھ حد تک کمی دیکھی گئی تاہم اب بھی ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات رپورٹ ہورہی ہیں۔

آج 20 جنوری کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 778 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 308 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 17 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 830 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 573 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 889 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 16 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 476 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 253 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 64 ہزار 78ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 8 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 799 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 640 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 191 تک جا پہنچی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 127 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزار 304 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق ہوئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 460 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 18 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 672 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریضوں کے انتقال کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 245 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 5 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 892 پر جا پہنچی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک فرد کی موت ہوئی جو 25 روز بعد کورونا وائرس سے ہونے والی پہلی موت تھی، جس کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 102 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 46 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 78 ہزار 517 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 524783

صحتیاب: 478517

اموات: 11103

فعال کیسز: 35163

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 308 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 889 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 64 ہزار 78 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 640 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 40 ہزار 304، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 672 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 892 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3830

پنجاب: 4476

خیبرپختونخوا: 1799

بلوچستان: 191

اسلام آباد: 460

آزاد کشمیر: 245

گلگت بلتستان: 102

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں