شکیب الحسن کی شاندار واپسی، ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں شکست

اپ ڈیٹ 21 جنوری 2021
شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

بنگلہ دیش کے مشہور آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ایک سالہ پابندی کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں شان دار کارکردگی کے ساتھ کرکٹ میں واپسی کرتے ہوئے ٹیم کو 6 وکٹوں سے فتح دلا دی۔

شکیب الحسن نے ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ میں واپسی کی جہاں کپتان تمیم اقبال نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی نے شکیب الحسن پر 2سال کی پابندی عائد کردی

مستقل کپتان اور اسٹار کھلاڑیوں سے محروم ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 33ویں اوور میں صرف 122 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی قیادت جیسن محمد کر رہے ہیں اور ان کی ٹیم پہلے میچ میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانےمیں ناکام رہی اور سیریز میں 0-1 کے خسارے کا شکار ہوئی۔

شکیب الحسن کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے کائل مائیرز 40، رومن پاؤل 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

جیسن محمد نے 17 اور آندرے مک کارتھی 12 رنز بنا کر دوہرا ہندسہ عبور کرنے والے بلے بازوں میں شامل تھے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 8 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، حسن محمد نے 3 اور مستفیض الرحمٰن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میزبان ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے لٹن داس کے ہمراہ 47 رنز کا پراعتماد آغاز کیا۔

لٹن داس 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسرے نمبر پر نجم الحسن آؤٹ ہوئے جو صرف ایک رن بنا سکے۔

تمیم اقبال 44 رنز بنا کر جیسن محمد کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا اسکور 83 رنز تھا جبکہ شکیب الحسن نے 19 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: شکیب پر پابندی کے خلاف بنگلہ دیش میں عوام سراپا احتجاج

مشفق الرحیم 19 اور محموداللہ 9 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور 34ویں اوور میں ٹیم کا اسکور 125 تک پہنچایا اور ٹیم کو 6 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔

شکیب الحسن کو شان دار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ ون ڈے کرکٹ کے سرفہرست آل راؤنڈر نے اکتوبر 2019 میں آئی سی سی کے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کی تھی اور کرپٹ عناصر کی جانب سے رابطہ کیے جانے کے باوجود رپورٹ نہیں کیا تھا۔

قوانین کی خلاف ورزی پر ان پر 2 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جس میں سے ایک سال کی سزا ختم کرتے ہوئے بقیہ ایک سال کے لیے کھیل سے معطل کردیا گیا تھا۔

2015 میں شکیب الحسن کھیل کے تینوں فارمیٹ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 میں عالمی نمبر ایک بننے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے تھے۔

بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 22 جنوری اور تیسرا میچ 25 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ بھی کھیلے جائیں گے، پہلے ٹیسٹ کا آغاز 3 فروری اور دوسرے ٹیسٹ کا آغاز 11 فروری کو ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں