'پریس کانفرنس کون کرے گا'، شبلی فراز کی شہباز گل سے اختلاف کی ویڈیو وائرل

اپ ڈیٹ 27 جنوری 2021
شہباز گل اور شبلی فراز کے درمیان اختلاف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آگئی—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
شہباز گل اور شبلی فراز کے درمیان اختلاف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آگئی—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے درمیان پریس کانفرنس کے معاملے پر اختلاف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں وزیراطلاعات کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ 'تمام پوائنٹس پر جامع' بات ہوگی جبکہ شہباز گل کو کیمرے دیکھ کر ناخوشگواری کا اظہار کرتے ہوئے دوسری جانب جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر شہباز گِل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط مقرر

اس حوالے سے ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ 'وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی سیاسی ابلاغ شہباز گل کے درمیان پریس کانفرنس کرنے پر تو تو میں میں ہوئی'۔

سینئر صحافی مبشر زیدی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اس کی 'وجہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ بنی، شہباز گِل نے بریفنگ دینا چاہی تو شبلی فراز نے کہا بریفنگ تو میں دوں گا'۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے گزشتہ برس اپریل میں سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور مئی 2020 میں شہباز گل کو وزیراعظم کا ترجمان مقرر کردیا تھا۔

شہباز گل اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے لیکن انہوں نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا بعد ازاں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو بھی مستعفی ہونا پڑا تھا اور انہیں وزیراعلیٰ پنجاب کا ترجمان مقرر کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں