'یورپی یونین کی سفیر نے نیب کارروائیوں کے باعث اموات کا معاملہ اٹھانے کا عندیہ دیا ہے'

اپ ڈیٹ 03 فروری 2021
یورپی یونین سفیر کی سلیم مانڈوی والا اور دیگر اراکین سینیٹ کے ساتھ ملاقات ہوئی —فائل فوٹو: ڈان نیوز
یورپی یونین سفیر کی سلیم مانڈوی والا اور دیگر اراکین سینیٹ کے ساتھ ملاقات ہوئی —فائل فوٹو: ڈان نیوز

سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے دعویٰ کیا ہے کہ یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینار نے پاکستان میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارروائیوں کے باعث لوگوں کی خودکشیوں اور حراستی اموات کے معاملات حکومتی اور یورپی یونین کی سطح پر اٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ یورپی یونین فرینڈ شپ گروپ کے اجلاس میں یورپی یونین کی سفیر کے ساتھ سینیٹ انتخابات کے تناظر میں زیر التوا قانون سازیوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جبری گمشدگیوں سمیت مختلف معاملات پر قانون سازی ہو ورنہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تمام چیمبرز نیب کے خلاف کاروباری برادری کیلئے کھڑے ہوں، سلیم مانڈوی والا

انہوں نے مزید کہا کہ رانا صاحب نے اجلاس کے دوران نیب کی حراست میں لوگوں کی موت اور خودکشی کا معاملہ اٹھایا جس پر یورپی یونین کی سفیر نے تشویش کا اظہار کیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سفیر نے کہا کہ جبری گمشدگیوں، حراست میں اموات اور سزائے موت سمیت دیگر معاملات جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی شرائط کو متاثر کرتی ہیں۔

سلیم مانڈوی والا کے مطابق یورپی یونین کی سفیر اپنے ہمراہ نیب متاثرین، زیر حراست میں مرنے والوں اور خودکشیاں کرنے والے افراد کی فہرست لے گئیں ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ ان معاملات کو اٹھائیں گی ساتھ ہی ان متاثرہ افراد کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کریں گی۔

مزید پڑھیں: حکومت نے نیب قوانین میں تبدیلی پر گفتگو کی پیشکش کی ہے، سلیم مانڈوی والا

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے مطابق یورپی یونین کی سفیر نے یہ معاملات حکومتی اور یورپی یونین کی سطح پر اٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ سفیر کو ان معاملات کا علم تھا لیکن اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ صورتحال اس قدر سنگین ہوچکی ہے اور نہ صرف سیاستدانوں، بیوروکریٹس اور کاروبار اشخاص بلکہ ہر پاکستانی کو متاثر کررہی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یورپی یونین کی سفیر کو اب اس کا اندازہ ہوا ہے اور انہوں نے اس کا مطالعہ کرنے اور اس معاملے پر بات چیت کے لیے پارلیمنٹیرینز کا مشترکہ اجلاس بلانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یورپی سفیر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی پارلیمان پر منحصر ہے کہ نیب کو صحیح کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے اور نیب کا ادارہ جس مقصد کے لیے بنایا گیا تھا وہ کام کرے اور ادارہ اس طرح چلایا جائے کہ لوگ خودکشیوں کی نہج پر نہ پہنچیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیب، بیوروکریسی کے کام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، سلیم مانڈوی والا

دوسری جانب یورپی یونین کی سفیر ایڈرولا کامینارا نے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ ان کی سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور دیگر اراکین سینیٹ کے ساتھ ملاقات ہوئی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ اس اجلاس کے دوران انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی، جی سی پی اسٹیٹس کے لیے عالمی لیبر قوانین کی پابندیوں اور تجارتی میکانزم پر گفتگو ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹرز کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں یورپی یونین اور پاکستانی سینیٹ کے تعلقات کس طرح مزید قریبی بنانے جائیں، اس پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں