پی ایس ایل میں تماشائیوں کو محدود تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت

اپ ڈیٹ 04 فروری 2021
پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری 
 سے ہورہا ہے—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری سے ہورہا ہے—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ 2021 میں تماشائیوں کو محدود تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری اعلامیے کے مطابق این سی او سی نے ایچ بی ایل، پی ایس ایل 2021 کے دوران تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دی اور فیصلہ کیا کہ لیگ کے میچز کے دوران 20 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز رواں ماہ کی 20 تاریخ سے ہورہا ہے اور یہ 22 مارچ تک جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کے شیڈول کا اعلان، افتتاحی میچ 20 فروری کو ہوگا

پی ایس ایل 2021 کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور ملک کے 2 بڑے شہروں، کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز میں ٹیمیں کھیلتی نظر آئیں گی۔

اعلامیے کے مطابق این سی او سی کے فیصلے کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مجموعی 7 ہزار 500 جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مجموعی 5500 تماشائی ٹکٹ حاصل کرکے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر لائیو ایکشن سے محظوظ ہوسکیں گے۔

اس دوران دونوں ادارے، این سی او سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ، مشترکہ طور پر صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے، جس کے بعد غور کیا جائے گا کہ آیا 3 پلے آف میچز اور فائنل کے لیے تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے یا نہیں۔

پی سی بی کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ بورڈ نے این سی او سی کو تفصیلی بریفنگ میں واضح کیا تھا کہ ایونٹ کے منتظمین اور کرکٹ بورڈ میچز کے دوران حکومت کے تیار کردہ کووڈ 19 کے ایس او پیز پر مکمل عمل کروائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق این سی او سی کی جانب سے اجازت کے بعد اب پی سی بی جلد ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان کرے گا۔

چیئرمین پی سی بی کا این سی او سی سے اظہار تشکر

این سی او سی کے اس فیصلے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مشکور ہیں جنہوں نے مداحوں کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر براہ راست میچ دیکھنے کی اجازت دے کر پی سی بی پر اعتبار کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پی سی بی کی بطور ادارہ کووڈ 19 پروٹوکولز کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021، 'ہمارے ہیروز' مہم کا آغاز

احسان مانی کے مطابق شائقین کرکٹ بوڈ کا اثاثہ ہیں اور ان کی محودو تعداد میں بھی اسٹیڈیم آمد سے اس ایونٹ کو چار چاند لگ جائیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ محدود تعداد کی وجہ سے ہر فین اسٹیڈیم نہیں آسکتا لیکن محدود تعداد میں بھی موجودگی ایک مثبت اور درست فیصلہ ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ اگر وہ تماشائیوں کی محدود تعداد میں اسٹیڈیمز آمد کے ساتھ ساتھ لیگ کو کامیابی سے منعقد کروالیتے ہیں تو انہیں رواں سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بھی تماشائیوں سے متعلق اپنا کیس مضبوط نظر آتا ہے۔

واضح رہے کہ 20 فروری کو پی ایس ایل کا پہلا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

اس 30 روزہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میجز کھیلے جائیں گے تاہم کورونا وائرس کی وبا کے باعث یہ میچز کراچی اور لاہور میں ہی ہوں گے۔

ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور 2017 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس کا مکمل شیڈول یہاں دیکھیں

تبصرے (0) بند ہیں