واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کے نتیجے میں میسجنگ ایپ ٹیلیگرام پہلی بار ایک ماہ کے دوران دنیا میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ بن گئی۔

سنسر ٹاور کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2021 میں ٹیلیگرام سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی نان گیمنگ ایپ رہی، جس نے ٹک ٹاک، فیس بک اور انسٹاگرام کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

مجموعی طور پر جنوری میں 6 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ بار ٹیلیگرام کو ڈاؤن لوڈ کیا گیا، یہ تعداد جنوری 2020 کے مقابلے میں 3.8 گنا یادہ ہے۔

سب سے زیادہ تعداد میں بھارت میں ٹیلیگرام کو ڈاؤن لوڈ کیا گیا جبکہ انڈونیشیا کا دوسرا نمبر رہا۔

اس سے قبل دسمبر 2020 میں ٹیلیگرام 9 ویں جبکہ ایپ اسٹور میں ٹاپ 10 میں بھی شامل نہیں تھی۔

تاہم جنوری 2021 میں وہ گوگل پلے اسٹور میں ڈاؤن لوڈ کی جانے والی نمبرون جبکہ ایپ اسٹور میں چوتھے نمبر پر رہی۔

مجموعی طور پر ٹیلیگرام پہلے، ٹک ٹاک دوسرے، سگنل تیسرے، فیس بک چوتھے اور واٹس ایپ سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی 5 ویں ایپ تھی۔

ایپل ایپ اسٹور میں ٹک ٹاک نمبرون پر رہی جس کے بعد یوٹیوب، پھر زوم اور چوتھے نمبر پر ٹیلیگرام تھی۔

گوگل پلے اسٹور میں ٹیلیگرام کے بعد دوسرے نمبر پر سگنل، پھر ٹک ٹاک، ایم ایکس ٹاک ٹک اور فیس بک سرفہرست 5 ایپس ثابت ہوئیں۔

خیال رہے کہ جنوری کے آغاز سے نئی پرائیویسی پالیسی کے تنازع نے واٹس ایپ کی حریف ایپس کو ضرور فائدہ پہنچایا۔

واٹس ایپ کی جانب سے 8 فروری کو نئی پالیسی کے نفاذ کے اعلان کے بعد 6 سے 10 جنوری کے دوران دنیا بھر میں گوگل پلے اور ایپ اسٹور میں 75 لاکھ افراد نے سگنل کو ڈاؤن لوڈ کیا۔

دوسری جانب ٹیلیگرام کی جانب رخ کرنے والے افراد کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔

6 سے 10 جنوری کے دوران 90 لاکھ نئے صارفین نے ٹیلیگرام کو ڈاؤن لوڈ کیا۔

12 جنوری کو ٹیلیگرام نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اس میسجنگ سروس کو استعمال کرنے والے متحرک صارفین کی تعداد 50 کروڑ سے زائد ہوگی ہے، جبکہ گزشتہ 72 گھنٹے کے دوران ڈھائی کروڑ نئے صارفین سروس کا حصہ بنے، جن میں سے 38 فیصد ایشیا، 27 فیصد یورپ، 21 فیصد لاطینی امریکا اور 8 فیصد مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں