پی ایس ایل 6 کے گانے کو سن کر کرکٹ اور میوزک مداح برہم

اپ ڈیٹ 07 فروری 2021
’گروو میرا‘ کو گزشتہ شب ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ ٹوئٹر
’گروو میرا‘ کو گزشتہ شب ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے آفیشل ترانے ’گروو میرا‘ پر نہ صرف کرکٹ مداح بلکہ موسیقی کے مداح بھی برہم دکھائی دے رہے ہیں۔

نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ینگ اسٹنرز (Young Stunners) کے ارکان کی جانب سے گائے گئے گانے کو گزشتہ شب جاری کیا گیا تھا۔

گانے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد جہاں یوٹیوب پر اسے چند ہی گھنٹوں میں 10 لاکھ مرتبہ تک دیکھا گیا، وہیں گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی اور مداحوں نے اس پر طرح طرح کے میمز شیئر کیے۔

زیادہ تر لوگوں کو ’گروو میرا‘ سننے کے بعد پی ایس ایل کے باقی تمام سیزنز کے گانے بہتر لگنے لگے۔

اگرچہ پی ایس ایل فائیو کے گانے ’تیار ہیں‘ کو بھی گزشتہ برس تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا مگر اب نصیبو لال اور آئمہ بیگ کے گانے ’گروو میرا‘ کو سننے کے بعد مداحوں کو احساس ہوگیا کہ پچھے سال کا گانا بہتر تھا۔

کئی شائقین نے پی ایس ایل 6 کا ترانہ سننے کے بعد پی ایس ایل کے ابتدائی تینوں سیزنز کے علی ظفر کے گانوں کی تعریف کی اور لکھا کہ آج تک ان جیسے گانے کوئی اور تیار نہیں کر سکا اور زیادہ تر مداحوں نے علی ظفر سے کرکٹ سپر لیگ کے لیے گانا ریلیز کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

بعض افراد نے ’گروو میرا‘ کو سننے کے بعد خواہش کا اظہار کیا کہ کاش وہ اس گانے کو سنتے ہی نہیں۔

بعض مداحوں نے لکھا کہ پی ایس ایل کا گانا سننے کے بعد وہ رو پڑے۔

کچھ افراد نے تو گانے کی شاعری پر بھی میم بنائے اور لکھا کہ گانا سننے کے بعد انہوں نے خود سے ہی پوچھا کہ ’بات سمجھ آ رہی ہے؟' اور خود کو ہی جواب دیا کہ ’نہیں‘۔

ایک مداح نے گانے کی ویڈیو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی والدہ نے گانا سننے کے بعد انہیں ٹی وی کے ساتھ گھر سے نکال دیا۔

زیادہ تر لوگوں نے مجموعی طور پر گانے پر برہمی کا اظہار کیا۔

بعض افراد نے ’گروو میرا‘ سننے کے بعد توبہ بھی کی اور موڈ خراب ہوجانے کی شکایت بھی کی۔

ایک مداح نے گانے پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ گانا سننے کے بعد ان کے کانوں کو دل کا دورہ پڑ گیا۔

ایک اور مداح نے نصیبو لال کی تصویر شیئر کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’گروو میرا‘ سننے کے بعد ان کی ہر چیز سننے کی صلاحیت متاثر ہوگئی۔

زیادہ تر مداحوں نے پی ایس ایل کےترانے کو سننے کے بعد ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

ایک مداح نے نصیبو لال اور آئمہ بیگ کے بجائے ہپ ہاپ گلوکاروں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار بھی کیا۔

ایک مداح نے آفیشل ترانے میں آواز کا جادو جگانے والے ہپ ہاپ گلوکاروں کی تصاویر پر میم بنائی۔

ایک مداح خاتون نے پی ایس ایل سکس کا ترانہ سننے کے بعد علی ظفر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ کوئی بھی گلوکار علی ظفر کو شکست نہیں دے سکتا اور نہ ہی گانوں میں ان جیسی توانائی بھر سکتا ہے۔

لیکن کچھ افراد نے ’گروو میرا‘ کی ویڈیو میں شامل کچھ مناظر کی تعریف بھی کی اور بتایا کہ انہیں گانا کیوں اچھا لگا؟ ایک مداح نے آئمہ بیگ کے گانے کے مناظر کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں مذکورہ مناظر کی وجہ سے گانا اچھا لگا۔

ایک اور مداح نے بھی گانے میں دکھائے گئے کچھ مناظر کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے پی ایس ایل سکس کے ترانے کی تعریف کی۔

تبصرے (0) بند ہیں