ڈیوپلیسی سمیت پانچ غیرملکی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کا حصہ بن گئے

اپ ڈیٹ 15 فروری 2021
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں فاف ڈیو پلیسی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے— فائل فوٹو: اے پی
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں فاف ڈیو پلیسی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے— فائل فوٹو: اے پی

مایہ ناز جنوبی افریقی بلے باز فاف ڈیو پلیسی اور فواد احمد سمیت مزید پانچ غیرملکی کرکٹرز پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کا حصہ بن گئے ہیں۔

کولن منرو، کرس جورڈن، ریس ٹوپلی اور لیام لیونگسٹن پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا مکمل یا جزوی حصہ نہیں بن سکیں گے اور ان کی جگہ بالترتیب فاف ڈوپلیسی، فواد احمد، پال اسٹرلنگ، علی خان اور ٹام کوہلر کیڈمور کو متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا، منرو پی ایس ایل 6 سے باہر

بیس فروری سے شروع ہونے والی لیگ میں فرنچائزوں نے بین الاقوامی مصروفیات کی وجہ سے عدم دستیاب ان کھلاڑیوں کے متبادل کا انتخاب کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے ایک ایک غیرملکی کھلاڑی کو بطور متبادل اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے پلے آف میچز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے فاف ڈیوپلیسی 2021 کے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے ہیں۔

جنوبی افریقی کرکٹر کو چند میچز کے لیے کرس گیل کی جگہ لیگ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ کے کولن منرو کی جگہ آسٹریلیا کے اسپنر فواد احمد کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

فواد احمد اس سے قبل لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

کوویڈ 19 کی وجہ سے نیوزی لینڈ میں آئسولیشن کی پابندیوں کے باعث کولن منرو اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کی ڈرافٹنگ مکمل، کرس گیل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ

اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے امریکا کے علی خان کو بھی متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے انگلینڈ کے ریس ٹوپلی کی جگہ اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے، ریس ٹوپلی کو دورہ بھارت کے لیے اعلان کردہ انگلینڈ کے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ پی ایس ایل میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

دورہ بھارت کی ہی وجہ سے انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر کرس جارڈن بھی اب اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے دورہ بھارت کی وجہ سے لیام لیونگسٹن بھی پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ ٹام کیڈمور کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے، لیونگسٹن 2018 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے میچز لاہور اور کراچی میں منعقد ہوں گے اور ایونٹ کا افتتاحی میچ 20 فروری دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں