سیاست سے پیسہ بنانے والے آج نشان عبرت ہیں، وزیر اعظم

اپ ڈیٹ 22 فروری 2021

ای میل

وزیر اعظم نے کہا کہ اخلاقیات جب ختم ہو جائے تو قوم تباہی کی طرف جاتی ہے — فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم نے کہا کہ اخلاقیات جب ختم ہو جائے تو قوم تباہی کی طرف جاتی ہے — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے، سیاست کو صرف پیسہ بنانے کے لیے استعمال کرنے والے آج نشان عبرت ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے پی پی' کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے پشاور میں خیبر پختونخوا کابینہ کے اراکین اور پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں لوگوں نے سیاست کو صرف پیسہ بنانے کے لیے استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ہر جگہ پیسہ استعمال کیا اور اب ان کی حالت نشان عبرت ہے۔

مزید پڑھیں: جو سینیٹر کروڑوں روپے خرچ کر کے آئے گا، وہ عوام کا خون چوس کر پیسہ بنائے گا، وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ اخلاقیات جب ختم ہو جائے تو قوم تباہی کی طرف جاتی ہے، ہم مستقبل اور اپنی نسلوں کی بہتری کا سوچتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے، ہم اس لیے پیچھے رہ گئے کیونکہ یہاں اقتدار عوامی خدمت کے بجائے پیسہ چوری کرنے کے لیے سنبھالا گیا، تاہم ہم ہر نظام میں شفافیت چاہتے ہیں۔

اس سے قبل خیبر پختونخوا کے گورنر شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور انہیں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر تفصیل سے آگاہ کیا۔