پاکستان کی مختلف زبانوں پر مبنی پی ایس ایل کی میوزک البم ریلیز

22 فروری 2021
البم میں سیزن 6 کا آفیشل ترانہ 'گروو میرا' اور نوجوان فنکاروں کے تیار کردہ 5 ٹریکس شامل ہیں— فوٹو: اسکرین شاٹ
البم میں سیزن 6 کا آفیشل ترانہ 'گروو میرا' اور نوجوان فنکاروں کے تیار کردہ 5 ٹریکس شامل ہیں— فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چھٹا سیزن 2 روز قبل شروع ہوا ہے جس کے میچز ان دنوں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ہیں۔

پی ایس ایل شروع ہونے سے قبل ہی کرکٹ کے دیوانوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور پاکستان سپر لیگ کے ہر سیزن کے آغاز سے پہلے اس کا آفیشل ترانہ بھی ریلیز کیا جاتا ہے۔

ہر بار کی طرح اس بار بھی آفیشل ترانہ جاری کیا جاتا ہے لیکن اس سال پاکستان سپر لیگ کو 6 سال ہونے پر آج (22 فروری کو) 6 ترانوں پر مشتمل پی ایس ایل کی پہلی میوزک البم ریلیز کی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6: کا آفیشل گیت ’گروو میرا‘ریلیز

اس البم میں سیزن 6 کا آفیشل ترانہ 'گروو میرا' اور نوجوان فنکاروں کے تیار کردہ 5 ٹریکس شامل ہیں۔

پی ایس ایل کے یہ 5 ترانے نوجوان فنکاروں اور میوزک بینڈز مانو، روزیو، لیاری انڈرگراؤنڈ، جنوبی خرگوش اور خماریاں نے تیار کیے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کی پہلی میوزک البم، پی ایس ایل کے آفیشل یوٹیوب چینل پر ریلیز کی گئی ہے جس کا ہر گانا ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے گانے کو سن کر کرکٹ اور میوزک مداح برہم

ترانوں کے حوالے سے پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کی گئی مختلف ٹوئٹس میں کہا گیا کہ پاکستان میں بولے جانے والی تمام زبانوں میں سے ایک اہم زبان موسیقی کی ہے۔

ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ ترانے اس سیزن کے لیے شائقینِ کرکٹ کا موڈ اور ٹون سیٹ کرنے کے لیے ریلیز کیے گئے ہیں اور ساتھ ہی اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے دیوانے اس سیزن کے ان ترانوں کو پسند کریں گے۔

پی ایس ایل کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کی گئی البم ان 6 ترانوں پر مشتمل ہے اور انٹرنیٹ صارفین ان نئے ترانوں کو پسند بھی کررہے ہیں۔

1۔ گروو میرا

اس البم میں پہلے نمبر پاکستان سپر لیگ کے سیزن 6 کا آفیشل ترانہ 'گروو میرا' ہے، جو نصیو لال، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنزر بینڈ کے طلحہ یونس اور طلحہ انجم نے گایا ہے۔

'گروو میرا' کو 6 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا، عوام اور معروف شخصیات کے ملے جلے ردعمل کے بعد اس ترانے کو اب تک ایک کروڑ 15 لاکھ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

2۔ گوگلی

البم میں دوسرے نمبر 'گوگلی' ترانہ شامل ہے جسے آج ریلیز کیا گیا ہے، یہ گانا مانو اور روزیو نے گایا ہے۔

ریپ انداز میں گائے گانے اس ترانے میں مختف گرافکس کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔

'گوگلی' سے متعلق گلوکار مانو نے کہا کہ پی ایس ایل 6 کی ٹیم کے ساتھ کام کرنا ایک خواب تھا جو پورا ہوا، گانے پر کام کرنا بہت خوشگوار تجربہ تھا۔

یوٹیوب کمنٹس کو دیکھا جائے تو انٹرنیٹ صارفین نے اسے بہت زیادہ پسند کیا ہے۔

3۔ لئیبو

پی ایس ایل 6 کی اس البم میں شامل 'لئیبو' نامی ترانہ لیاری انڈر گراؤنڈ نامی میوزک بینڈ نے گایا۔

یہ گانا اردو اور انگریزی زبانوں کے ساتھ ساتھ دیگر علاقائی زبانوں پر بھی مشتمل ہے جو بالخصوص کرکٹ کے دیوانوں کے لیے بنایا گیا ہے۔

اسی گانے کے کمنٹس میں ایک صارف نے اسے ماسٹر پیس قرار دیا اور کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک اچھا گانا ہے۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

انہوں نے لکھا کہ میں اس گانے میں پشتو، سندھی، انگریزی، بلوچی اور اردو زبانیں سن سکتا ہوں یہ اچھا ہے۔

اکثر صارفین نے یہ ترانہ ریلیز کرنے پر پی ایس ایل کی انتظامیہ کو داد دی ہے۔

— فوٹو: اسکرین شاٹ
— فوٹو: اسکرین شاٹ

'لئیبو' سے متعلق لیاری انڈر گراؤنڈ بینڈ نے کہا کہ ہمارے اپنے انداز اور زبان میں پی ایس ایل 6 کے لیے گانا جاری کرنے پر ہمیں فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لیاری کے لیے لوگوں کے لیے اپنی ثفاقت سے رابطے، اس کی موسیقی سے محظوظ ہونے کا ایک اچھا موقع ہے۔

4۔بازی پلٹے گی یہاں

اس البم کا چوتھا گانا 'بازی پلٹے گی یہاں' ہے جو میوزک بینڈ جنوبی خرگوش نے تیار کیا ہے۔

رنگوں اور مختلف گرافکس سے بھرپور اس گانے کو مداحوں نے بہت پسند کیا ہے، کچھ صارفین کو اس ترانے نے پاکستان کے مقبول ترین پاپ بینڈ وائٹل سائنز کی یاد دلادی۔

گانے سے متعلق جنوبی خرگوش بینڈ کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کی آڈینس کے لیے گانا لکھنا بہت بڑا چیلنج تھا، ہم نے ایک نئے انداز میں سوچا اور ایک زبردست ترانہ تیار کیا۔

5۔سِکسر

یہ ترانہ طلال قریشی نے تیار کیا ہے جو صرف گرافکس اور میوزک پر مبنی ہے اور اس میں گانے کے کوئی بول نہیں ہیں۔

پی ایس ایل کے اس ترانے میں کھلاڑیوں کو بیٹنگ، باؤلنگ کرتے اور آخر میں ٹرافی لیتے ہوئے بہت منفرد انداز میں دکھایا گیا ہے۔

طلال قریشی نے کہا کہ عالمی وبا کی وجہ سے اکثر لوگ میچ دیکھنے نہیں جاسکیں گے اور اس گانے کے ذریعے جڑے رہیں گے جو ہر کسی کو ڈانس کرنے پر مجبور کردے گا۔

6۔میدان

اس البم کا آخری ترانہ 'میدان' خماریاں بینڈ نے تیار کیا ہے جو پشتو زبان میں ہے اور زیادہ تر میوزک پر مبنی ہے۔

اس گانے میں درہ خیبر دکھایا گیا ہے اور اینیمیشن کا استعمال کرتے ہوئے پرندوں کو اڑتا، سورج طلوع ہوتا اور غروب ہوتا ہے۔

گانے کے حوالے سے خماریاں بینڈ نے کہ کہا کہ یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ پی ایس ایل نے ملک بھر سے اس البم کے مختلف فنکاروں کو موقع دیا اور یہ تجربہ بہترین رہا

تبصرے (0) بند ہیں