سینیٹ انتخابات: پنجاب میں تمام نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب

اپ ڈیٹ 25 فروری 2021
ترجمان نے کہا کہ کامیاب سینیٹرز کا نوٹی فکیشن 3 مارچ کے بعد جاری ہوگا — فائل فوٹو / ڈان نیوز
ترجمان نے کہا کہ کامیاب سینیٹرز کا نوٹی فکیشن 3 مارچ کے بعد جاری ہوگا — فائل فوٹو / ڈان نیوز

سینیٹ انتخابات کے لیے پنجاب کی تمام 11 نشستوں میں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔

ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق جنرل، ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی نشستوں پر تمام جماعتوں کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔

ان 11 نشستوں میں سے 5 پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، 5 پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور ایک پر مسلم لیگ (ق) کی امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈ کا معاملہ کیا ہے؟

پی ٹی آئی کے اعجاز چوہدری، عون عباس اور سیف اللہ سرور نیازی نے جنرل، بیرسٹر علی ظفر نے ٹیکنوکریٹ اور ڈاکٹر زرقا تیمور نے خاتون نشست پر کامیابی حاصل کی۔

مسلم لیگ (ن) کے افنان اللہ خان، ساجد میر اور عرفان الحق صدیقی نے جنرل، اعظم تارڑ نے ٹیکنوکریٹ اور سعدیہ خاقان عباسی نے خواتین کی نشست پر بلامقابلہ منتخب ہوگئیں۔

اسی طرح مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا بھی پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔

الیکشن کمیشن پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ (ن) لیگ کے زاہد حامد، بلیغ الرحمٰن اور سیف الملوک کھوکھر، پی ٹی آئی کے سرفراز چیمہ اور ملک ظہیر عباس، پیپلز پارٹی کے عظیم الحق منہاس اور آزاد امیدواروں نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کامیاب سینیٹرز کا نوٹی فکیشن 3 مارچ کے بعد ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان جاری کرے گا۔

واضح رہے کہ ملک میں سینیٹ (ایوانِ بالا) کی 48 نشستوں پر انتخابات 3 مارچ کو منقعد ہوں گے جس کی تیاریوں میں روز بروز تیزی آتی جارہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں