خود سے 10 سال کم عمر لڑکے سے شادی کی تو لوگ حیران رہ گئے، یاسرہ رضوی

اپ ڈیٹ 26 فروری 2021
یاسرہ رضوی نے جنوری 2020 میں عبدالہادی سے شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
یاسرہ رضوی نے جنوری 2020 میں عبدالہادی سے شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

’چڑیلز‘ جیسی بولڈ ویب سیریز اور ’ڈنک‘ جیسے منفرد موضوع پر بنے ڈرامے میں شاندار اداکاری کرنے والی اداکارہ یاسرہ رضوی کا کہنا ہے کہ انہیں خود سے 10 سال کم عمر شخص سے شادی پر بہت کچھ برداشت کرنا پڑا۔

یاسرہ رضوی نے جنوری 2020 میں خود سے 10 سال کم عمر ڈراما پروڈیوسر عبدالہادی سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

خود سے کم عمر لڑکے سے شادی کرنے پر یاسرہ رضوی کو اس وقت بھی سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کہا جاتا رہا تھا کہ انہوں نے کسی بچے سے شادی کی ہے۔

یاسرہ رضوی کی شادی کے وقت 34 سال عمر تھی جب کہ ان کے شوہر 24 سال کے تھے۔

تاہم اب شادی کے ایک سال بعد اداکارہ نے ایک انٹرویو میں اس مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خود سے ایک دہائی کم عمر لڑکے سے شادی کرنے پر بہت کچھ برداشت کرنا پڑا۔

’اردو نیوز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں یاسرہ رضوی نے جہاں خود سے کم عمر لڑکے سے شادی کے معاملے پر بات کی، وہیں انہوں نے پاکستانی ڈراموں کی بدلتی کہانیوں پر بھی کھل کر بات کی۔

یاسر رضوی کا کہنا تھا کہ جب لوگوں کو معلوم ہوا کہ انہوں نے خود سے 10 سال کم عمر لڑکے سے شادی کی ہے تو لوگوں نے تعجب کا اظہار کیا اور ان سے متعلق باتیں کرنے لگے۔

یاسرہ رضوی نے ’چڑیلز‘ ویب سیریز میں کام کرنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ڈراموں کے بعد ویب سیریز میں کام کرنے سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

یہ بھی پڑھیں: یاسرہ رضوی کی شادی: حق مہر اور عمر کے فرق پر تنقید

یاسرہ رضوی کے مطابق پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کا دور الگ تھا اور اب کا دور الگ ہے اور دونوں ادوار کے ڈراموں کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا، آج کے زمانے کے حساب سے درست ڈرامے بن رہے ہیں۔

یاسرہ رضوی کا کہنا تھا کہ اب پاکستان میں بچوں کے استحصال اور خواتین کی اسمگلنگ جیسے موضوعات پر بھی ڈرامے بن رہے ہیں اور اگر بعض اوقات ایسے موضوعات پر مکمل ڈرامے بنانا مشکل ہوتا ہے تو ان ہی موضوعات کے کچھ کرداروں کو ڈرامے میں شامل کرلیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: چڑیلز کے بعد 'ڈنک' کا حصہ بننے پر تنقید، یاسرہ رضوی کا جواب

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح پوری دنیا میں خواتین کو مختلف نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے مگر بیرون ممالک اور پاکستان میں یہ فرق ہے کہ باہر کے ممالک میں مرد و خواتین کو یکساں آزادی اور حقوق میسر ہیں۔

یاسر رضوی کا کہنا تھا کہ وہ عام طور پر اپنے فیصلے اپنی مرضی سے کرتی ہیں تاہم بعض اوقات وہ کچھ مسائل پر دوسرے لوگوں سے مشورہ بھی مانگتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں