پی ایس ایل 6: کراچی کنگز نے ہائی اسکورنگ میچ میں ملتان سلطانز کو ہرا دیا

اپ ڈیٹ 27 فروری 2021
— فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
— فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
کراچی کنگز نے ٹاس جیت فیلڈنگ کا فیصلہ کیا—تصویر: ڈان نیوز
کراچی کنگز نے ٹاس جیت فیلڈنگ کا فیصلہ کیا—تصویر: ڈان نیوز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ہائی اسکورنگ میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی کنگز کے اوپنرز نے 196 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور شرجیل خان اور بابر اعظم نے 56 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس موقع پر شرجیل خان 27 رنز کے افرادی اسکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور شاہنواز دھانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے جو کلارک میدان میں آئے اور دونوں نے جارحانہ انداز میں ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور گراؤنڈ کے چاروں جانب رنز کی برسات کی۔

دونوں بلے بازوں کے درمیان 97 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے کراچی کی فتح کی امیدیں روشن کردیں۔

تاہم پھر جو کلارک 26 گیندوں پر 54 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

دوسری جانب بابر اعظم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے نا صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ 90 رنز کی اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے، جبکہ محمد نبی بھی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز نے 19ویں اوور میں 3 وکٹوں پر 198 رنز بنا کر 7 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔

شاندار کارکردگی پر بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا۔

دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی اور پرانے کمبی نیشن کو برقرار رکھا گیا۔

میچ کے آغاز میں ہی ملتان سلطانز نے جارحانہ انداز اپنایا اور 4 اوورز میں ہی بغیر کسی نقصان کے 49 رنز بنا لیے، تاہم پانچویں اوور کی دوسری گیند پر اوپنر کرس لن 14 گیندوں پر 32 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تاہم اس کے بعد بھی ملتان نے جارحانہ انداز میں کھیل جاری رکھا اور 6 اوورز کے پاور پلے میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 72 رنز بنا لیے۔

اس کے بعد محمد رضوان اور ونس نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا تاہم 12 ویں اوورز کی پہلی گیند پر کپتان محمد رضوان 123 کے مجموعی اسکور پر 43 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلی دو وکٹیں 25 رنز کے اندر گر گئی اور 133 پر ونس 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ 148 پر رائلی روسوں پویلین لوٹ گئے۔

148 پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد صہیب مقصود اور خوشدل شاہ نے اسکور کو آگے بڑھایا اور 17 اوورز میں ٹیم کا اسکور 173 تک پہنچا دیا۔

جس کے بعد آنے والے کھلاڑی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 173 پر خوشدل شاہ 6 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے، ان کےبعد اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہد آفریدی تھے جنہوں نے 5 گیندوں پر 3 رنز بنائے۔

آخری اوورز میں کراچی کنگز نے بہتر باؤلنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 200 رنز بنانے سے روکا اور ملتان کی ٹیم 20 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 195 رنز بنا سکی۔

کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے 2 جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، وقاص مقصود اور ڈینیئل کرسچیئن نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کا میلہ زور و شور سے جاری ہے اور شائقین کو ہر روز سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی فتح کا آغاز کیا تھا۔

وہیں اگر کراچی کنگز کی بات کریں تو وہ دفاعی چیمپپیئن ہے اور اس نے ابتدائی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی لیکن دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں