ملکہ برطانیہ کے شوہر علیل ہونے پر ہسپتال منتقل

اپ ڈیٹ 05 مارچ 2021
شہزادہ فلپس کو 17 فروری کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا — فائل فوٹو: رائٹرز
شہزادہ فلپس کو 17 فروری کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا — فائل فوٹو: رائٹرز

برطانوی شہزادہ فلپس المعروف ڈیوک آف ایڈنبرا کو مسلسل دو ہفتوں تک ایک ہسپتال میں نگہداشت یونٹ میں رکھے جانے کے بعد دوسرے ہسپتال میں منتقل کیے جانے کی وجہ سے لوگوں میں ان کی صحت سے متعلق تشویش بڑھ گئی۔

شہزادہ ہیری اور ولیم کے دادا 99 سالہ شہزادہ فلپس کو 17 فروری کو پہلی بار لندن کے کنگ ایڈورڈ 7 ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں مسلسل ان کی نگرانی کی جا رہی تھی۔

تاہم ان کی طبیعت میں کوئی بہتری نہ آنے اور قبل از وقت دل کے عارضے کی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے انہیں لندن کے دوسرے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق 99 سالہ شہزادہ فلپس کو یکم مارچ کو کنگ ایڈورڈ سے سینٹ بارتھولومیو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں لاحق ہونے والے ایک نامعلوم انفکیشن کا علاج کیا جائے گا۔

شاہی محل نے شہزادہ فلپس کو 17 فروری کو ہی ہسپتال منتقل کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں کورونا وائرس نہیں ہوا بلکہ انہیں قبل از وقت احتیاطی تدابیر کے تحت ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق شہزادہ فلپس معمول کے چیک اپ کے لیے کار پر سوار ہوکر ہسپتال گئے تھے مگر انہیں معالج نے ہسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا تھا۔

بیان میں تصدیق کی گئی تھی کہ زائد العمری کی وجہ سے شہزادہ فلپس کو احتیاطی تدابیر کے تحت ہسپتال میں داخل کیا گیا تاہم مسلسل دو ہفتوں تک انہیں ایک ہسپتال میں رکھنے اور بعد ازاں دوسرے ہسپتال منتقل کیے جانے پر لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

شہزادہ فلپ نے 95 سال کی عمر میں تمام شاہی عہدے چھوڑے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی
شہزادہ فلپ نے 95 سال کی عمر میں تمام شاہی عہدے چھوڑے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ڈاکٹرز اور شاہی محل کے ذرائع کے مطابق شہزادہ فلپس کو ایک نامعلوم انفیکشن لاحق ہوا ہے، جس کی وجہ سے ان میں ممکنہ طور پر دل کی بیماری کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں احتیاطی تدابیر کے تحت قبل از وقت ہی ہسپتال داخل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی خاندان سے اب تک الگ ہونے والے افراد

شہزادہ فلپس اور ان کی اہلیہ 94 سالہ ملکہ برطانیہ پہلے ہی کورونا کی وبا کے باعث بیکنگھم پیلس سے نکل کر ونڈسر کے شاہی محل میں مقیم ہیں اور انہوں نے احتیاطی تدابیر کے تحت کورونا ویکسین بھی لگوا رکھی ہے۔

تاہم اس کے باوجود زائد العمری کے باعث شہزادہ فلپس کو طبیعت ناساز ہونے کے احساس کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

شہزادہ فلپس کو پہلے بھی متعدد بار طبیعت میں ناخوشگواری کے باعث ہسپتال منتقل کیا جاتا رہا ہے۔

شہزادہ فلپس رواں برس جون میں اپنی 100 ویں سالگرہ منائیں گے اور وہ زائد العمری کی وجہ سے ہی 2017 سے شاہی ذمہ داریوں سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے۔

زندگی کے 99 سال گزارنے کے باوجود وہ کبھی بھی بادشاہ نہیں بنے، ان کے بیٹے شہزادہ چارلس بھی 72 برس کے ہو چکے ہیں اور وہ بھی تاحال بادشاہ نہیں بنے۔

شہزادہ فلپس کی اہلیہ 94 سالہ ملکہ برطانیہ نصف صدی سے زائد عرصے سے ملکہ بنی ہوئی ہیں، ان کے بعد شہزادہ چارلس کے بادشاہ بننے کا نمبر ہے تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ وہ زائدالعمری کی وجہ سے خود بادشاہ بننے کے بجائے بڑے صاحبزادے ولیم کو تخت دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں