پی ایس ایل 2021: یونائیٹڈ بمقابلہ گلیڈی ایٹرز، التوا کا شکار میچ آج ہوگا

اپ ڈیٹ 02 مارچ 2021
سرفراز نے گزشتہ میچ میں بہترین کارکردگی دکھائی تھی—فوٹو: گلیڈی ایٹرز/ یونائیٹڈ ٹوئٹر
سرفراز نے گزشتہ میچ میں بہترین کارکردگی دکھائی تھی—فوٹو: گلیڈی ایٹرز/ یونائیٹڈ ٹوئٹر

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2021 کا 12 واں میچ، جو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کل کھیلا جانا تھا لیکن ملتوی ہوگیا تھا، آج شام 7بجے شروع ہوگا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایک روز کے وقفے کے بعد دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلی جیت کی تلاش ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان گزشتہ روز شام 7 بجے شیڈول میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ملتوی کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت، میچ ملتوی

پی ایس ایل حکام نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ میچ رات 9 بجے شروع ہوگا تاہم بعد ازاں میچ ایک روز کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔

پی سی بی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ 'آج شام ہونے والے میچ میں شامل ٹیموں میں سے ایک ٹیم کے کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے'۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ 'کھلاڑی کو دو روز قبل علامات ظاہر ہوئی تھیں اور فوری طور پر آئسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا'۔

بعدازاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'ہمارا ایک کھلاڑی فواد احمد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور 2 روز قبل ہی انہیں فوری طور پر آئسولیشن بھیج دیا گیا تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیگر تمام کھلاڑیوں اور اراکین کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے لیے کلیئر قرار دیا گیا ہے'۔

خیال رہے کہ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا ڈپارٹمنٹ سمیع الحسن برنی نے کہا تھا کہ کل اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سے اب تک 244 پی سی آر ٹیسٹ کروائے گئے اور ان میں سے 3 مثبت آئے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ مثبت آنے والوں میں دو غیر ملکی کھلاڑی اور ایک مقامی سپورٹنگ اسٹاف ہے اور جن جن کھلاڑیوں یا عہدیداروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان کوقرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ایس ایل کے میچوں میں 50 فیصد تماشائی آتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا جیت کیلئے یونائیٹڈ سے مقابلہ کل ہوگا

سمیع الحس برنی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، کسی کھلاڑی نے شک و شبہات ک اظہار نہیں کیا، ایونٹ کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے درمیان میچ آج شام کو شیڈول کے مطابق ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رواں سیزن میں پہلی مرتبہ آمنے سامنے ہوں گی تاہم کارکردگی کے حوالے سے یونائیٹڈ اب تک کھیلے گئے 3 مچیوں میں سے 2 میں کامیابی حاصل کرکے برتری لیے ہوئے ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 4 پوائنٹس ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چند کھلاڑیوں کی بہترین انفرادی کارکردگی کے باوجود 3 میچوں میں جیت سے محروم رہی ہے اورکوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر پائے۔

تبصرے (0) بند ہیں