مزید کھلاڑی کورونا کا شکار، پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، پی سی بی

اپ ڈیٹ 02 مارچ 2021
سمیع الحسن برنی نے میڈیا کو آگاہ کیا—فوٹو: عبدالغفار
سمیع الحسن برنی نے میڈیا کو آگاہ کیا—فوٹو: عبدالغفار

پاکستان کرکٹ بوڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 میں شامل مزید کچھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں تاہم لیگ کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا ڈپارٹمنٹ سمیع الحسن برنی نے کہا کہ اسلام آباد یونائیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے درمیان میچ آج شام کو شیڈول کے مطابق ہوگا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت، میچ ملتوی

انہوں نے کہا کہ کل اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سے اب تک 244 پی سی آر ٹیسٹ کروائے گئے اور ان میں سے 3 مثبت آئے ہیں۔

سمیع الحسن برنی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ مثبت آنے والوں میں دو غیر ملکی کھلاڑی اور ایک مقامی سپورٹنگ اسٹاف ہے۔

ڈان کو دستیاب تفصیلات کے مطابق تین نئے کیسز میں سے ایک کا تعلق کراچی کنگز، ایک اسلام آباد یونائیٹڈ اور ایک کا تعلق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہے، کراچی کنگز کا ایک سپورٹ اسٹاف جبکہ اسلام آباد اور کوئٹہ کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔

سمیع الحسن برنی کا کہنا تھا کہ جن کھلاڑیوں یا عہدیداروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے براڈ کاسٹنگ کریو میں شامل 100 سے زائد عملے کے بھی ٹیسٹ کروائے ہیں اور پی ایس ایل کی ٹیکینکل ٹیم فرنچائز مالکان کے ساتھ ملاقات کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ٹیموں کو ایس او پیز پر عمل کرنے پر زور دیا گیا ہے جبکہ ہر چار دن بعد کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کرائیں گے۔

ڈائریکٹر پی سی بی میڈیا نے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے ببل لائف بہت مشکل ہے، دنیا بھر میں کھلاڑیوں سے خلاف ورزی ہورہی ہیں، خلاف ورزی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہماری ببل پالیسی غیر مؤثر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا جیت کیلئے یونائیٹڈ سے مقابلہ، 9 بجے شروع ہوگا

انہوں نے واضح کیا کہ پی ایس ایل کے میچوں میں 50 فیصد تماشائی آتے رہیں گے۔

سمیع الحسن برنی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، کسی کھلاڑی نے شک و شبہات کا اظہار نہیں کیا، ایونٹ کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ سے قبل ہی یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا، جس کے بعد میچ کو ایک روز کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹر پر بیان میں کہا تھا کہ 'آج شام ہونے والے میچ میں شامل ٹیموں میں سے ایک ٹیم کے کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے'۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ 'کھلاڑی کو دو روز قبل علامات ظاہر ہوئی تھیں اور فوری طور پر آئسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا'۔

بعدازاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'ہمارا ایک کھلاڑی فواد احمد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور 2 روز قبل ہی انہیں فوری طور پر آئسولیشن بھیج دیا گیا تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیگر تمام کھلاڑیوں اور اراکین کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے لیے کلیئر قرار دیا گیا ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں