'تانڈو' میں متنازع مواد دکھانے پر ایمیزون پرائم نے غیر مشروط معافی مانگ لی

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2021
پولیٹیکل تھرلر ویب سیریز کے ایک سین پر بی جے پی رہنماؤں اور ہندو مذہب کے پیروکاروں نے اعتراض کیا تھا — اسکرین شاٹ
پولیٹیکل تھرلر ویب سیریز کے ایک سین پر بی جے پی رہنماؤں اور ہندو مذہب کے پیروکاروں نے اعتراض کیا تھا — اسکرین شاٹ

اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ایمیزون پرائم‘ نے ویب سیریز تانڈو میں متنازع مواد دکھانے پر غیر معمولی طور پر بھارتی ناظرین سے معافی مانگ لی۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق 'ایمیزون پرائم ویڈیو اپولوجیز' کے عنوان سے جاری بیان میں کمپنی نے کہا کہ وہ ان مخصوص سینز پر معذرت خواہ ہے جن پر اعتراض کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایمیزون پرائم ان تمام افراد سے معذرت خواہ ہے جن کے جذبات ان سینز سے مجروح ہوئے۔

مزید پڑھیں: 'تانڈو' میں متنازع مواد دکھانے پر اسٹریمنگ سائٹ کی عہدیدار سے تفتیش

مزید کہا گیا کہ کمپنی ناظرین کی متنوع ثقافتوں اور عقائد کا احترام کرتے ہوئے مواد کی تیاری کا عمل جاری رکھے گی۔

ایمیزون پرائم کی معافی سے متعلق بھارت کے ایک سینئر پولیس عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکام معاملے کی تحقیقات جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ ’تانڈو‘ میں شامل متنازع مواد پر حکمران جماعت ’بھارتیہ جنتا پارٹی‘ (بی جے پی) کے ارکان سمیت دیگر افراد نے ’تانڈو‘ کی ٹیم کے خلاف توہین مذہب کے تحت متعدد پولیس تھانوں میں درخواستیں دی تھیں۔

لوگوں کی جانب سے ’تانڈو‘ سیریز کے ایک سین پر اعتراض کرنے کے بعد ’تانڈو‘ کی ٹیم نے عوام سے معافی بھی مانگی تھی اور مذکورہ سین کو ہٹانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

لوگوں نے ’تانڈو‘ کے ایک سین پر اعتراض کیا تھا، جس میں اداکار ذیشان ایوب کو اسٹیج پرفارمنس کے دوران ہندو دیوتا ’شیو‘ کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔

مذکورہ سین میں اداکار نے ’شیو‘ بن کر کچھ نامناسب جملے ادا کیے تھے، جس پر ہندو مذہب کے پیروکاروں نے احتجاج کیا اور مذکورہ سین کو ہندو مذہب اور دیوتاؤن کی توہین قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ویب سیریز 'تانڈو' کو بی جے پی قانون سازوں کی تنقید کا سامنا

بعدازاں بھارتی پولیس نے اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ایمیزون پرائم‘ کی اعلیٰ بھارتی عہدیدار سے پولیٹیکل تھرلر ویب سیریز ’تانڈو‘ میں متنازع مواد دکھانے پر تقریبا 4 گھنٹے تک تفتیش کی تھی۔

’تانڈو‘ سے قبل بھی نیٹ فلیکس اور ایمیزون کی ویب سیریز یا فلموں سمیت بولی وڈ فلموں کے کچھ مناظر پر بھی بھارتی لوگ ہندو مذہب اور دیوتاؤں کی توہین کے الزامات لگا چکے ہیں۔

’تانڈو‘ کو جنوری میں ریلیز کیا گیا تھا، یہ سیریز پولیٹیکل تھرلر سیریز ہے، جس میں سیف علی خان، ذیشان ایوب اور ڈمپل کپاڈیا سمیت دیگر اداکاروں نے کردار ادا کیے تھے جب کہ اس کی ہدایات مسلمان ہدایت کار علی عباس ظفر نے دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں