جلال آل اور عمران عباس کی 'دل دل پاکستان' گانے کی ویڈیو وائرل

اپ ڈیٹ 04 مارچ 2021
عمران عباس نے استنبول کا دورہ کرتے ہوئے جلال آل کےساتھ  ویڈیو جاری کی—فوٹو:اسکرین شاٹ
عمران عباس نے استنبول کا دورہ کرتے ہوئے جلال آل کےساتھ ویڈیو جاری کی—فوٹو:اسکرین شاٹ

شہرہ آفاق ترک ڈراما ’ارطغرل غازی‘ کے اداکار جلال آل اور پاکستانی اداکار عمران عباس کی گزشتہ دنوں ترکی میں ہونے والی ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

عمران عباس کی جانب سے ترکی کا دورہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب وہاں پہلے ہمایوں سعید، عدنان صدیقی اور ریما خان سمیت دیگر پاکستانی شوبز شخصیات پاکستان اور ترکی کے آنے والے مشترکہ ڈرامے ’ترک لالا‘ کے حوالے سے مذاکرات کے لیے استنبول میں موجود تھے۔

حال ہی میں عمران عباس نے استنبول کا دورہ کرتے ہوئے ڈرامے میں عبدالرحمٰن الپ کا کردار ادا کرنے والے جلال آل کے ساتھ ایک ویڈیو جاری کی۔

مزید پڑھیں: جلال آل کی عمران عباس کو ترک سوغات کھلانے کی تصویر وائرل

ویڈیو میں عمران عباس کو ترک اداکار جلال آل کے ساتھ جنید جمشید کا نغمہ 'دل دل پاکستان' گارہے ہیں۔

جلال آل ویڈیو میں 'دل دل پاکستان، جان جان ترکی' گاتے نظر آئے جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی نشاندہی ہے۔

اس کے ساتھ ہی عمران عباس نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ 'دعا ہے کہ پاکستان اور ترکی کا یہ بھائی چارہ ہمیشہ قائم رہے'۔

یہ بھی پڑھیں: ریما خان بھی ’ترک لالا‘ کا حصہ ہوں گی؟

چند روز قبل عمران عباس نے جلال آل سے استنبول میں ملاقات کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ملاقات پر ترک اداکار کا شکریہ ادا کیا تھا۔

تصویر میں جلال آل پاکستانی اداکار کو ترکی کی سوغات کھلاتے دکھائی دیے اور عمران عباس نے ترک سوغات کھلانے پر بھی جلال آل کا شکریہ ادا کیا تھا۔

عمران عباس کی مختلف پوسٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ ذاتی طور پر استبول گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں