راولپنڈی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاں بحق

پولیس افسر کو ایکسائز دفتر کے قریب نشانہ بنایا گیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
پولیس افسر کو ایکسائز دفتر کے قریب نشانہ بنایا گیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی کے علاقے تھانہ سول لائنز میں مسلح موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ریس کورس انسپکٹر میاں عمران جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ سول لائنز کے علاقے میں ایکسائز آفس کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او انسپکٹر میاں عمران کو گردن پر گولی لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

مقتول ایس ایچ او انسپکٹر میاں عمران اہل خانہ کے ہمراہ جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم ملزمان نے ان پر گولیاں چلائیں۔

رپورٹس کے مطابق انسپکٹر میاں عمران عباس کے والد بھی پولیس ملازم تھے اورانہیں بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی منتقل کردی جبکہ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار موقع سے فرار ہو گئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی میں اسلام آباد کے علاقے ترنول میں چورنگی نمبر 26 پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تے جن کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) محسن ظفر اور ہیڈ کانسٹیبل سجاد کے نام سے ہوئی تھی جو ناکے پر اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا تھا کہ واقعے کی تحققیات کے لیے 2 تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو ایس پی انویسٹی گیشن سید مصطفیٰ تنویر اور ایس پی صدر کی نگرانی میں کام کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق

آئی جی عامر ذوالفقار خان نے بھی جائے وقوع کا دورہ کیا تھا ملزمان کو ’جلد از جلد‘ گرفتار کرنے کی ہدایت کی اس موقع پر پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں کر سرچ آپریشن بھی کیا تھا۔

اس سے قبل 22 اگست 2019 کو اسلام آباد میں سبزی منڈی کے قریب ناکے پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد سبزی منڈی کے ناکے پر 3 جوان معمول کی ڈیوٹی پر تھے کہ تلاشی کے دوران نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ شروع کردی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں