بلیک لسٹ کرنے کیلئے صوبوں کو درست ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 08 مارچ 2021
ہدایات کا مقصد ایئر پورٹس پر شہریوں کو تکلیف سے بچانا ہے جو کسی بھی کیس میں ملوث نہیں، ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے امیگریشن، پاسپورٹ  - فائل فوٹو:اے پی
ہدایات کا مقصد ایئر پورٹس پر شہریوں کو تکلیف سے بچانا ہے جو کسی بھی کیس میں ملوث نہیں، ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے امیگریشن، پاسپورٹ - فائل فوٹو:اے پی

راولپنڈی: وفاقی حکومت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے چاروں صوبوں کے محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں سے کہا ہے کہ وہ ملک سے فرار ہونے سے روکنے کے لیے بلیک لسٹ میں شامل افراد کی صحیح تفصیلات فراہم کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہدایات کا مقصد ایئر پورٹس پر شہریوں کو تکلیف سے بچانا ہے جو کسی بھی کیس میں ملوث نہیں ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے کہا کہ یہ بات بڑی تشویش کے ساتھ دیکھنے میں آئی ہے کہ چند افراد جنہیں بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی ضرورت تھی، کے نام اور تفصیلات کو مختلف ایجنسیز اور محکموں نے غلط شناختی نمبروں کے ساتھ آگے بھیجا تھا۔

مزید پڑھیں: ای سی ایل میں نام، خفیہ اداروں، وزارت داخلہ، نیب کی تجویز پر شامل کیے جاتے ہیں، رپورٹ

چند نام بلیک لسٹ میں رکھے گئے تھے اور ایجنسیز اور محکموں کی جانب سے فراہم کردہ غلط معلومات کی وجہ سے دوسرے مسافروں کو ان کے پاسپورٹ کو پراسس کرنے کے دوران امیگریشن حکام نے ایئرپورٹ پر روک لیا تھا۔

اس سے نہ صرف شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا بلکہ سرکاری محکموں کو شرمندگی بھی اٹھا پڑی اور اس سے ادارے کی ساخت بھی خراب ہوتی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر کو لکھے گئے خط میں ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے ان سے متعلقہ تمام محکموں کو بلیک لسٹ میں شامل کرنے کے اہل لوگوں کے انفرادی نام بتانے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

اس کے علاوہ چیئرمین نیب، چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے پولیس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل اور انسداد منشیات فورس کے ڈائریکٹر جنرل سے کہا گیا کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے اشخاص کی صحیح تفصیلات، جن میں ان کا نام، والدین، شناختی کارڈ نمبر اور پاسپورٹ نمبر شامل ہیں کا تذکرہ کریں۔

واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ امیگریشن اور پاسپورٹ کو ضلعی پولیس افسران، سٹی پولیس افسران اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے متعدد مقدمات موصول ہوئے جنہیں فوری طور پر بیرون ملک سفر کرنے سے روکنے کے لیے بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔

اس سے قبل وزیر داخلہ شیخ رشید نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں تقریبا 4 ہزار 500 اور بلیک لسٹ میں سیکڑوں افراد کے نام موجود ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں