پاکستان میں مزید ایک ہزار 592 افراد میں کورونا کی تشخیص، 22 انتقال کر گئے

اپ ڈیٹ 08 مارچ 2021
ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 92 ہزار 100 ہوگئی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 92 ہزار 100 ہوگئی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں فروری کے اختتام سے کورونا وائرس سے متعلق متعدد پابندیاں نرم کیے جانے کے بعد ایک ہفتے کے دوران وائرس کے کیسز میں خاصہ اضافہ دیکھا گیا جبکہ 10 مارچ سے 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکیسن لگانے کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

اس عالمی وبا کو ملک میں ایک برس سے زائد ہو چکا ہے اور اس دوران وائرس کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں اور ماہرین نے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر پابندیاں نہیں لگائی گئیں تو ملک میں وائرس کی تیسری لہر آسکتی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات اور صورتحال کی نگرانی کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) قائم کیا گیا تھا جو نہ صرف پابندیوں کے نفاذ یا ہٹانے کا اعلان کرتا ہے بلکہ وبائی صورتحال میں وسائل کی تقسیم بھی اسی کی ذمہ داری تھی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے اعداد و شمار پر اگر نظر ڈالی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 592 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 92 ہزار 100 ہوگئی۔

اسی طرح ملک میں مزید 22 افراد اس وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور ان کے انتقال کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 222 تک پہنچ گئی۔

تاہم ملک میں حالات معمول پر آنے کی ایک بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا بھی ہے اور اس وائرس سے اب تک 94.7 فیصد مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں اور فعال کیسز کی تعداد 18 ہزار 415 ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان صحتیاب افراد کی تعداد میں ایک ہزار 210 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 60 ہزار 458 ہوگئی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ جیسی صورتحال پیش آئی تھی۔

تاہم وقت کے ساتھ ساتھ صورتحال بہتر ہونے پر پابندیاں نرم کی جاتی رہیں اور تعلیمی اداروں کو بھی مجموعی صورتحال کے جائزے کے بعد مرحلہ وار کھولا گیا۔

اگر پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 189 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار 855 ہوگئی اور اموات 4 ہزار 426 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

ملک میں کیسز کے حساب سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ صوبے پنجاب میں یہ وائرس مزید 410 افراد کو متاثر کرنے اور 29 کی جان لینے کا سبب بنا۔

یوں پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار 823 اور اموات 5 ہزار 565 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 319 نئے کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 74 ہزار 27 اور اموات 2 ہزار 113 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدر بہتر رہی اور وہاں 24 گھنٹوں میں 3 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ کسی فرد کا انتقال نہیں ہوا۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 117 ہوگئی جبکہ اموات 201 ہیں۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 221 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مزید ایک مریض انتقال کر گیا۔

یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز کو دیکھیں تو وہ 45 ہزار 740 تک پہنچ گئے اور اموات 509 ہو گئیں۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر میں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور مزید 45 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ 2 مریض لقمہ اجل بنے۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 10 ہزار 579 جبکہ مرنے والوں کی تعداد 311 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں گلگت بلتستان وہ علاقہ ہے جہاں وبا کی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم وہاں گزشتہ روز ایک کیس سامنے آیا ہے۔

اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 959 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 102 افراد کا انتقال ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں