گوجرانوالہ: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکیورٹی عملے اور مظاہرین میں تصادم، 3 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 09 مارچ 2021
سوسائٹی مالکان کی جانب سے اراضی کے عوض رقم نہ دینے پر لوگوں نے احتجاج کیا —تصویر: اسکرین گریب
سوسائٹی مالکان کی جانب سے اراضی کے عوض رقم نہ دینے پر لوگوں نے احتجاج کیا —تصویر: اسکرین گریب

گوجرانوالہ: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین اور سوسائٹی کے سیکیورٹی عملے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی مالکان کی جانب سے اراضی کے عوض رقم نہ دینے پر لوگوں نے احتجاج کیا تھا اس دوران سوسائٹی کے سیکیورٹی عملے اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا جو پر تشدد صورتحال اختیار کر گیا۔

مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے پتھراؤ کیا جس پر سیکیورٹی عملے کی جانب سے لاٹھی چارج اور فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 ہلاکتیں اور 10 افراد زخمی ہوئے جس میں معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال سے روانہ کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گوجرانوالہ میں 'خصوصی ذمہ داری' کے ساتھ سی پی او کی تعیناتی

بعدازاں واقعے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور صورتحال کو قابو میں کیا جبکہ سوسائٹی مالکان احمد اوجلہ اور وقاص اوجلہ سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

دوسری جانب مظاہرین نے لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کو مکمل بلاک کر دیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک بلاک ہونے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: جعلی ہاؤسنگ اسکیم: نیب نے 175 متاثرہ افراد میں رقم تقسیم کردی

قائم مقام ریجنل پولیس افسر (آر پی او) اور سی پی او سرفراز احمد فلکی اور قائم مقام کمشنر سہیل اشرف نے مظاہرین سے مذاکرات کیے جس کے بعد لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا۔

تاہم افسران کے جانے کے بعد مظاہرین نے دوبارہ جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک کرکے احتجاج شروع کر دیا۔

اس موقع پر قائم مقام آر پی او سرفراز احمد فلکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہسی پی او کا کہنا تھا کہ 30 سے 40 لوگ احتجاج کرنے ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر پہنچے تھے جہاں جھگڑا ہوا اور 3 افراد قتل جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: گوجرانوالہ میں ریپ کے الزام پر اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج

انہوں نے بتایا کہ ہاؤسنگ کالونی کے 3 مالکان احمد وقاص اوجلہ، حسن اوجلہ اور عثمان اوجلہ سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

سٹی پولیس آفیسر سرفراز احمد فلکی نے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد تھانہ صدر گوجرانوالہ کا دورہ کیا جبکہ ایس ایچ او، ایس ڈی پی او اور ایس پی کے ہمراہ جائے وقوع کا معائنہ کیا۔

اس ضمن میں سی پی او گوجرانوالہ کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جنہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں