ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نئے ایئر چیف مقرر

ایئر مارشل ظہیر احمد بابر نے 1986 میں بحیثیت فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ کی جی ڈی (پائلٹ) برانچ میں شمولیت اختیار کی — فوٹو: بشکریہ پاک فضائیہ
ایئر مارشل ظہیر احمد بابر نے 1986 میں بحیثیت فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ کی جی ڈی (پائلٹ) برانچ میں شمولیت اختیار کی — فوٹو: بشکریہ پاک فضائیہ

حکومت پاکستان نے ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو پاک فضائیہ کا نیا سربراہ مقرر کر دیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ظہیر بابر موجودہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور کی مدت ملازمت پوری ہونے پر 19 مارچ کو فضائیہ کی کمان سنبھالیں گے۔

نئے ایئر چیف کا تعلق گجرات کے گاؤں سدھ سے ہے، ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے یہ تیسرے سروسز چیف ہیں۔

اس سے قبل ایڈمرل محمد شریف اور جنرل راحیل شریف سروسز چیفس رہ چکے ہیں۔

ایئر مارشل ظہیر احمد بابر معروف عالم دین حکیم غلام محمد کے بیٹے ہیں اور اس وقت بطور ڈپٹی چیف انتظامی امور خدمات انجام دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ میں ایک ایئر افسر کی ایئرمارشل، 10 کی ایئروائس مارشل کے عہدے پر ترقی

انہوں نے 1986 میں بحیثیت فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ کی جی ڈی (پائلٹ) برانچ میں شمولیت اختیار کی، وہ فائٹر اسکواڈرن، آپریشنل ایئربیس اور علاقائی کمانڈ بھی کر چکے ہیں۔

ایئر مارشل ظہیر احمد بابر نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر اسٹاف (آپریشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ)، اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (ٹریننگ آفیسرز)، ڈائریکٹر جنرل پروجیکٹس، وزارت دفاع میں بطور ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

وہ برطانیہ کے کامبیٹ کمانڈرز اسکول، ایئر وار کالج اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کے فارغ التحصیل ہیں۔

انہیں خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں