روحیل حیات نے ایک مرتبہ پھر کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی اختیار کرلی

انہوں نے 2013 میں بھی کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی اختیار کی تھی— فائل فوٹو: فیس بک
انہوں نے 2013 میں بھی کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی اختیار کی تھی— فائل فوٹو: فیس بک

میوزک بینڈ وائٹل سائنز کے روحیل حیات جنہوں نے کوک اسٹوڈیو کے لگاتار 6 سیزنز پروڈیوس کرنے کے بعد سیزن 12 میں واپسی کی تھی، انہوں نے ایک مرتبہ پھر میوزک پلیٹ فارم سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

روحیل حیات نے سال 2008 میں کوک اسٹوڈیو کو لانچ کیا تھا تاہم 6 سیزنز بعد انہوں نے 2013 میں کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

ان کے بعد سیزن 7 سے 10 تک اسٹرنگز بینڈ نے کوک اسٹوڈیو کو سنبھالا اور 2017 میں اسے خیرباد کہہ دیا جس کے بعد علی حمزہ او زوہیب قاضی نے سیزن 11 پروڈیوس کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اس سال کوک اسٹوڈیو کا 13 واں نہیں بلکہ اسپیشل سیزن ریلیز ہوگا، روحیل حیات

بعدازاں روحیل حیات 2019 میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 12 میں واپس آئے اور سیزن 2020 بھی انہوں نے پروڈیوس کیا تھا۔

— فائل فوٹو: فیس بک
— فائل فوٹو: فیس بک

حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے روحیل حیات نے کوک اسٹوڈیو سے علیحدہ ہونے سے متعلق بتایا۔

روحیل حیات جو کبھی بھی ٹوئٹر پر زیادہ فعال نہیں رہے تھے، ان دنوں صارفین کو کافی ایکٹو دکھائی دیے جس پر ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ کوک اسٹوڈیو سے بریک لینے کے بعد سوشل میڈیا پر ایکٹو ہوئے ہیں۔

جس پر روحیل حیات نے جواب دیا کہ 'مجھے یقین ہے کہ کوک اسٹوڈیو کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے لیکن میں نہیں کررہا'۔

انہوں نے کہا کہ 'سوشل میڈیا یہ پتا لگانے کے لیے بہترین جگہ ہے کوئی، کس طریقے سے غیر جانبدار یا متعصب ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: عاطف اسلم کی آواز میں سحر انگیز حمد کے ساتھ کوک اسٹوڈیو کا آغاز

روحیل حیات نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ میں اسے (سوشل میڈیا کو) اپنے عدم توازن کی پیمائش کے لیے آلے کے طور پر استعمال کررہا ہوں۔

اب اس حوالے سے مختلف خیالات کا اظہار کیا جارہا ہے کہ روحیل حیات کے بعد کوک اسٹوڈیو کا اگلا سیزن کون پروڈیوس کرے گا۔

صحافی رافع محمود نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ روحیل حیات کوک اسٹوڈیو کے پروڈیوسر کی حیثیت سے دستبردار ہوگئے ہیں، زلفی جبار شاید ان کی جگہ سنبھالیں لیکن حتمی طور پر ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

اس حوالے سے ذوالفقار (زلفی) جبار نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ ممکنہ طور پر ایسا ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زلفی نے کہا کہ ہرسال اس بات کو قوی امکان ہوتا ہے کہ کوئی قابل شخص بطور پروڈیوسر آئے، لہذا اس بار ممکن ہے کہ ایسا ہو اور وہ پروڈیوس کریں۔

مزید پڑھیں: اسٹرنگز بینڈ کوک اسٹوڈیو سے علیحدہ

زلفی نے کہا کہ 'ابھی میں صرف یہ کہہ سکتا ہوں کہ اس وقت اس حوالے سے کچھ بھی مصدقہ نہیں ہے، لیکن ہم کبھی نہیں جانتے، ایسا ہو بھی سکتا ہے، دیکھیں مستقبل میں کیا ہوتا ہے'۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ زلفی نے ماضی میں کوک اسٹوڈیو کے بینر تلے 'ہم ایک ہیں' پروڈیوس کیا تھا۔

علاوہ ازیں کوک اسٹوڈیو رواں برس پاکستان ڈے اسپیشل بھی ریلیز کررہا ہے جسے حمزہ پروڈیوس کررہے ہیں، انہوں نے کوک اسٹوڈیو کا سیزن 11 کو-پروڈیوس کیا تھا تاہم یہ حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ حمزہ اگلے سیزن کا چارج سنبھالیں گے یا نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں