صدر مملکت کی سری لنکن عوام کو پاکستان میں بدھ مت سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کی دعوت

20 مارچ 2021
سری لنکا کی فوج کے کمانڈر اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل شیوندر سلوا نے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ - فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
سری لنکا کی فوج کے کمانڈر اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل شیوندر سلوا نے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ - فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کو بدھ مت سیاحوں کے لیے ایک پرکشش جگہ بتاتے ہوئے سری لنکا لنکا کے لوگوں کو ملک میں مذہبی اور قدرتی مقامات کی زیارت کے لیے مدعو کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود سری لنکا کی فوج کے کمانڈر اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل شیوندر سلوا سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی امور پر متفقہ رائے رکھتے ہیں اور باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں بہترین تعلقات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی سری لنکا کو 5 کروڑ ڈالر کی نئی دفاعی کریڈٹ لائن سہولت کی پیشکش

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی امور پر متفقہ رائے رکھتے ہیں اور مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں بہترین تعلقات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

عارف علوی نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی، ثقافتی اور دفاعی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف وکمانڈر سری لنکن آرمی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، سری لنکا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

اس موقع پر سری لنکا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کا ایک قریبی اور عزیز دوست ملک ہے، سری لنکا پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ دورہ سری لنکا سے دوطرفہ تعلقات کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے مشکل حالات میں سری لنکا کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، فوجی تعاون بڑھانے کے حوالے سے علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں