نیب کا مریم نواز کی پیشی پر پولیس اور رینجرز کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ

23 مارچ 2021
نیب کا کہنا تھا کہ وہ کسی دھمکی یا دباؤ کی پرواہ کیے بغیر لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا — فائل فوٹو / ڈان نیوز
نیب کا کہنا تھا کہ وہ کسی دھمکی یا دباؤ کی پرواہ کیے بغیر لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا — فائل فوٹو / ڈان نیوز

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی 26 مارچ کو پیشی کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب سے جاری بیان کے مطابق 26 مارچ کو مریم نواز کی نیب لاہور میں قانون کے مطابق دو انکوائریوں میں پیشی کے موقع پر مبینہ طور پر نیب کے بعض ملزمان، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور دیگر افراد کی طرف سے نیب لاہور کی عمارت پر چڑھائی کرنے، پتھراؤ، سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مبینہ طور پر رکاوٹ پیدا کرنے اور عمارت کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات ہیں۔

لہٰذا نیب لاہور نے قانون کے مطابق تمام آئینی اقدامات خصوصاً نیب لاہور کی عمارت کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں پولیس اور رینجرز کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قربانیاں دینے کا نہیں، حساب لینے کا وقت آگیا ہے، مریم نواز

بیان میں کہا گیا کہ مبینہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نیب لاہور کو ریڈ زون قرار دینے کی متعلقہ حکام سے قانون کے مطابق درخواست بھی کی جارہی ہے۔

نیب کا کہنا تھا کہ وہ کسی دھمکی یا دباؤ کی پرواہ کیے بغیر ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے عوام کی اربوں روپے کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس اور اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کے کیس میں 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔

چوہدری شوگر ملز کیس میں بیورو نے مریم نواز کو گزشتہ سات ماہ سے طلب نہیں کیا تھا اور انہیں آخری بار اگست 2020 میں طلب کیا گیا تھا، لیکن نیب دفتر کے باہر پولیس اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی جھڑپ کے باعث یہ پیشی ہنگامہ آرائی کی نظر ہو گئی تھی۔

مریم نواز کو منی لانڈرنگ اور رائیونڈ میں اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کی نیب کی دو انکوائریز کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کی نیب میں پیشی پر لاکھوں کارکن ساتھ آئیں گے، مولانا فضل الرحمٰن

گزشتہ روز انہوں نے کہا تھا کہ وہ 26 مارچ کو نیب حکام کے سامنے پیش ہوں گی تاہم تنبیہ کی تھی کہ یاد رکھنا کہ وہ وقت گزر گیا جب نیب جب چاہتا تھا تو اٹھا کر بند کر دیتا تھا، جتنی قربانیاں دینی تھی دے چکیں، اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'اب مسلم لیگ (ن) یا مریم نواز شریف نیب یا اس کے پیچھے اس کا مالک عمران خان کے لیے اتنی نرم آسامی نہیں بنے گی پھر تم نے کوئی گڑ بڑ کرنے کی کوشش کی تو ہم بھرپور تمھارا مقابلہ کریں گے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں