عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کورونا وائرس کا شکار

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2021
سچن ٹنڈولکر نے ٹوئٹر پر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بارے میں بتایا — فائل/فوٹو: اے ایف پی
سچن ٹنڈولکر نے ٹوئٹر پر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بارے میں بتایا — فائل/فوٹو: اے ایف پی

بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر تیزی آگئی ہے جہاں عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر بھی عالمی وبا کا شکار ہوگئے ہیں۔

خبر ایجنسی 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ انہیں کورونا ہوگیا ہے اور معمولی علامات بھی موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: عامر خان بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

اگلے ماہ اپنی 48 ویں سالگرہ منانے کی تیاری کرنے والے سچن ٹنڈولکر نے 2013 میں کرکٹ کو خیرباد کہا تھا اور اپنے 24 سالہ طویل کرکٹ کے کیریئر میں 100 بین الاقوامی سنچریاں مکمل کی تھیں۔

سچن ٹنڈولکر حال ہی میں ایک پروموشنل ایونٹ میں انڈیا لیجنڈز ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے میدان میں اترے تھے، روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کے نام یہ ایونٹ ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں ہوا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عظیم بلے باز نے کہا کہ میرے ٹیسٹ ہوئے اور کووڈ کو دور کرنے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرا ٹیسٹ معمولی علامات کے بعد آج مثبت آیا ہے۔

سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ گھر کے دیگر افراد کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے، میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے اور میرے ڈاکٹروں کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق تمام ضروری پروٹوکولز پر عمل کر رہا ہوں۔

بھارت دنیا بھر میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دوسرا ملک ہے جہاں اکتوبر کے بعد ایک مرتبہ پھر ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں کورونا کے آج 62 ہزار 258 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو اکتوبر کے بعد بلند ترین شرح ہے اور ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 19 لاکھ 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

بھارت میں کورونا سے مزید 291 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 240 ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر، بھارت میں 4 ماہ بعد سب سے زیادہ کیسز رپورٹ

کرکٹ کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر مغربی ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں مقیم ہیں جو بھارت میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر ہے۔

مہاراشٹرا میں بھی کورونا کیسز میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ روز اب تک کے سب سے زیادہ 36 ہزار 902 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور بھارت کے معاشی مرکز ممبئی میں 5 ہزار 515 کیسز سامنے آئے تھے۔

ریاستی حکومت نے کورونا کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر رات کے کرفیو کا اعلان کیا تھا اور خبردار کیا تھا کہ شہریوں کو پہلے ہی آگاہ کرکے مختلف اضلاع میں لاک ڈاؤن لگایا جا سکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں