کوک اسٹوڈیو کو آگے لے جانے کیلئے زلفی بہترین آپشن ہیں، روحیل حیات

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2021
زلفی نے ماضی میں کوک اسٹوڈیو کے بینر تلے 'ہم ایک ہیں' پروڈیوس کیا تھا— فائل فوٹو: فیس بک
زلفی نے ماضی میں کوک اسٹوڈیو کے بینر تلے 'ہم ایک ہیں' پروڈیوس کیا تھا— فائل فوٹو: فیس بک

گزشتہ دنوں میوزک بینڈ وائٹل سائنز کے روحیل حیات نے ایک مرتبہ پھر میوزک پلیٹ فارم سے علیحدگی اختیار کرنے کی تصدیق کی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے روحیل حیات نے کوک اسٹوڈیو سے علیحدہ ہونے سے متعلق بتایا تھا۔

روحیل حیات جو کبھی بھی ٹوئٹر پر زیادہ فعال نہیں رہے تھے، ان دنوں صارفین کو کافی ایکٹو دکھائی دیے تھے جس پر ایک مداح نے ان سے سوال کیا تھا کہ کیا وہ کوک اسٹوڈیو سے بریک لینے کے بعد سوشل میڈیا پر ایکٹو ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: روحیل حیات نے ایک مرتبہ پھر کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی اختیار کرلی

جس پر روحیل حیات نے جواب دیا تھا کہ 'مجھے یقین ہے کہ کوک اسٹوڈیو کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے لیکن میں نہیں کررہا'۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'سوشل میڈیا یہ معلوم کرنے کے لیے بہترین جگہ ہے کوئی، کس طریقے سے غیر جانبدار یا متعصب ہے'۔

روحیل حیات نے ٹوئٹ میں مزید لکھا تھا کہ میں اسے (سوشل میڈیا کو) اپنے عدم توازن کی پیمائش کے لیے آلے کے طور پر استعمال کررہا ہوں۔

اس حوالے سے مختلف خیالات کا اظہار کیا جارہا ہے کہ روحیل حیات کے بعد کوک اسٹوڈیو کا اگلا سیزن کون پروڈیوس کرے گا جن میں علی حمزہ اور ذوالفقار جبار (زلفی) کے نام شامل ہیں۔

تاہم اب اسٹرنگز کی جانب سے 33 سال بعد میوزک بینڈ کا سفر اختتام کو پہنچنے کے بعد مداح یہ سوچ رہے ہیں کہ آخر اب کوک اسٹوڈیو کو آگے کون بڑھائے گا۔

حال ہی میں ٹوئٹر پر سعامر نذیر نامی مداح نے روحیل حیات سے پوچھا کہ 'روحیل حیات آپ کوک اسٹوڈیو چھوڑ چکے ہیں، اسٹرنگز نے بھی بینڈ ختم کردیا ہے، اب کوک اسٹوڈیو کون پروڈیوس کرے گا؟'

انہوں نے مزید پوچھا کہ 'مجھے اس حوالے سے بہت تشویش ہے لیکن میں آپ کا بہت بڑا مداح ہوں'۔

عامر نذیر کی اس ٹوئٹ کے جواب میں روحیل حیات نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اس سال کوک اسٹوڈیو کا 13 واں نہیں بلکہ اسپیشل سیزن ریلیز ہوگا، روحیل حیات

روحیل حیات نے کہا کہ بلال مقصود نے ویلو پر اکیلے کام کیا تھا اور وہ دوبارہ بھی ایسا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوک اسٹوڈیو کے لیے کئی امیدوار ہیں، امید ہے کہ کوک کسی ایسے شخص کو تلاش کرے گا جو اسے پروڈیوس کرنے کے لیے پُرجوش ہو۔

روحیل حیات نے کہا کہ 'میرے خیال میں زلفی (ذوالفقار جبار) اس کے لیے بہترین آپشن ہیں'۔

خیال رہے کہ روحیل حیات نے سال 2008 میں کوک اسٹوڈیو کو لانچ کیا تھا تاہم 6 سیزنز بعد انہوں نے 2013 میں کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

ان کے بعد سیزن 7 سے 10 تک اسٹرنگز بینڈ نے کوک اسٹوڈیو کو سنبھالا اور 2017 میں اسے خیرباد کہہ دیا جس کے بعد علی حمزہ او زوہیب قاضی نے سیزن 11 پروڈیوس کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسٹرنگز بینڈ کوک اسٹوڈیو سے علیحدہ

بعدازاں روحیل حیات 2019 میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 12 میں واپس آئے اور سیزن 2020 بھی انہوں نے پروڈیوس کیا تھا۔

اس حوالے سے زلفی نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر ایسا ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زلفی نے کہا تھا کہ ہرسال اس بات کا قوی امکان ہوتا ہے کہ کوئی قابل شخص بطور پروڈیوسر آئے، لہذا اس مرتبہ ممکن ہے کہ ایسا ہو اور وہ پروڈیوس کریں۔

زلفی نے کہا تھا کہ 'ابھی میں صرف یہ کہہ سکتا ہوں کہ اس وقت اس حوالے سے کچھ بھی مصدقہ نہیں ہے لیکن ہم کبھی نہیں جانتے، ایسا ہو بھی سکتا ہے، دیکھیں مستقبل میں کیا ہوتا ہے'۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ زلفی نے ماضی میں کوک اسٹوڈیو کے بینر تلے 'ہم ایک ہیں' پروڈیوس کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں