تابش گوہر کو معاون خصوصی برائے پیٹرولیم کا اضافی قلمدان سونپ دیا گیا

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2021
تابش گوہر کو معاون خصوصی برائے توانائی کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم کا اضافی قلمدان بھی سونپ دیا گیا— فائل فوٹو: ٹوئٹر
تابش گوہر کو معاون خصوصی برائے توانائی کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم کا اضافی قلمدان بھی سونپ دیا گیا— فائل فوٹو: ٹوئٹر

کابینہ میں تازہ ترین ردوبدل کے نتیجے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر کو ندیم بابر کی جگہ معاون خصوصی برائے پیٹرولیم کا اضافی قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر کو گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نے استعفی دینے کی ہدایت کی تھی۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم بحران: وزیراعظم کی معاون خصوصی ندیم بابر کو عہدہ چھوڑنے کی ہدایت

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وزیر اعظم اپنے معاون خصوصی برائے توانائی کو فوری طور پر اعزازی بنیادوں پر معاون خصوصی برائے توانائی اور پیٹرولیم نامزد کردیا۔

یاد رہے کہ ندیم بابر سے گزشتہ سال آنے والے پیٹرولیم بحران کی تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرانے کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفی دینے کے لیے کہا گیا تھا۔

وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ندیم بابر سے 90 دن کی مدت کے لیے اس عہدے سے سبکدوش ہونے کو کہا ہے اور اس دوران ایف آئی اے پیٹرولیم بحران کا سبب بننے والوں کا تعین کرے گی۔

ایجنسی 90 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی جس کی بنیاد پر ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عبدالحفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ، حماد اظہر نئے وزیر خزانہ مقرر

اسد عمر نے بتایا تھا کہ سیکریٹری پیٹرولیم کو بھی ان کا متبادل آنے پر فیصلہ آنے تک اسٹیبلشمنٹ کو رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

کے الیکٹرک کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور عارف نقوی کی مشکلات سے دوچار ابراج کیپیٹل کے سینئر ایگزیکٹو کے منصب پر فائز رہنے والے تابش گوہر کو گزشتہ سال ستمبر میں شہزاد قاسم کی جگہ معاون خصوصی برائے توانائی تعینات کیا گیا تھا۔

تابش گوہر اوسس انرجی کے بانی اور چیئرمین ہیں جو توانائی اینڈ انرجی کے شعبے میں مینجمنٹ کنسلٹنسی فرم ہے، انہوں نے لندن کے کنگز کالج سے فرسٹ کلاس آنرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے ایم بی اے کی ڈگری بھی حاصل کی۔

مزید پڑھیں: حکومت حتمی تاریخ گزرنے کے باوجود 19 آئی پی پیز کو پہلی قسط ادا نہ کرسکی

انہوں نے 7 سال سے زیادہ عرصہ تنظیم میں کام کرنے کے بعد 2015 میں کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

حماد کو وزیر خزانہ بنانے کا نوٹیفکیشن جاری

دریں اثنا کابینہ ڈویژن نے حماد اظہر کی وزیر خزانہ کے عہدے پر تقرر کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ایک علیحدہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان وفاقی وزیر صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر کو فوری طور پر فنانس اور ریونیو کا اضافی پورٹ فولیو تفویض کرتے ہیں۔

ایک روز قبل وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ڈاکٹر حفیظ شیخ کے متبادل کے طور پر اظہر کے تقرر کی تصدیق کی تھی۔

شبلی فراز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب ایک نئی فنانس ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت عالیہ نے سینیٹ انتخاب میں شکست کے بعد حفیظ شیخ کی کابینہ کی حیثیت پر سوال اٹھادیا

2018 میں تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد حماد اظہر تیسرے وزیر خزانہ ہیں۔

شبلی فراز نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران نے نوجوان اور قابل وزیر حماد اظہر کو مالیات کا پورٹ فولیو دیا ہے تاکہ وہ پاکستان کی زمینی حقائق کے مطابق پالیسیاں مرتب کریں اور غریبوں کو سکون ملے۔

تبصرے (0) بند ہیں