نئے آئی فونز ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان

11 اپريل 2021
آئی فون 13 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ EverythingApplePro
آئی فون 13 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ EverythingApplePro

آئی فون 13(یا کمپنی جو بھی اس کا نام رکھے گی) کی آمد میں ابھی 5 ماہ باقی ہیں یعنی ستمبر کے وسط میں اس سیریز کی ڈیوائسز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

تاہم نئے آئی فونز کے حوالے سے افواہوں کا سلسلہ جاری ہے اور ایک نئی رپورٹ کے مطابق آئی فون 13 سیریز کے لیے نئے چپس کی پروڈکشن جاری ہے۔

پروڈکشن کا عمل جاری رہنے سے عندیہ ملتا ہے کہ اس سال نئے آئی فونز ستمبر میں پیش کردیئے جائیں گے اور گزشتہ سال کی طرح تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔

2020 میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث ایپل معمول کے مطابق ستمبر میں آئی فونز متعارف نہیں کراسکی تھی۔

مختلف افواہوں کے مطابق آئی فون 13 سیریز میں 4 ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے جن میں آئی فون 13 منی، آئی فون 13، آئی 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس شامل ہوں گے۔

نئی افواہوں میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی فون 13 کے دونوں پرو ماڈلز میں ایل ٹی پی او ڈسپلے موجود ہوگا جن میں پہلی بار یہ کمپنی 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ فراہم کرے گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلے کہا جارہا تھا کہ 120 ہرٹز ڈسپلے آئی فون 12 سیریز مٰں دیا جائے گا مگر کمپنی نے اس خیال کو ڈراپ کردیا۔

ویسے کچھ رپورٹس میں یہ خیال بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ مغربی ممالک میں 13 کے ہندسے سے جڑے توہمات کے باعث ایپل کی جانب سے آئی فونز کے لیے نمبر 13 کا استعمال نہیں کیا جائے گا بلکہ آئی فون 12 ایس کو اپنایا جاسکتا ہے۔

یا ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ ایپل سام سنگ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس سال کے آئی فونز کو آئی فون 2021 کا نام دیں۔

ایسا بھی مانا جارہا ہے کہ اس سال کے آئی فونز کی قیمتیں گزشتہ سال کے ماڈلز جتنی ہی ہوگی اور چونکہ اس بار کوئی خاص اپ گریڈ نہیں کی جارہی تو قیمتیں کم بھی ہوسکتی ہیں۔

ڈیزائن کے لحاظ سے بھی یہ نئے آئی فونز گزشتہ سال کے ماڈلز سے ملتے جلتے ہوں گے۔

آئی فون 13 منی میں 5.4 انچ، آئی فون 13 میں 6.1، آئی فون 13 پرو میں 6.1 انچ اور آئی فون پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپپلے ہوسکتا ہے۔

تاہم یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اس بار آئی فونز کا نوچ کچھ مختصر ہوسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں