کورونا وائرس: پاکستان میں بھارتی مسافروں کی آمد پر پابندی

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2021
گزشتہ 5 روز سے بھارت میں کورونا وائرس کے 2 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
گزشتہ 5 روز سے بھارت میں کورونا وائرس کے 2 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافے کے باعث بھارت سے پاکستان میں آنے والے مسافروں کی آمد پر پابندی لگادی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و مراعات اسد عمر کی سربراہی میں آج این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ان کے ساتھ نیشنل کوآرڈینیٹر این سی او سی نے بھی کی۔

اجلاس میں شرکا کو بھارت میں کورونا وائرس کی نئی قسم (ڈبل میونٹ قسم) کے پھیلاؤ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: بھارت: کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافے پر نریندر مودی کو اپوزیشن کی تنقید کا سامنا

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی مذکورہ قسم اپریل کے آغاز سے بھارت میں یومیہ کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافے کی وجہ بن رہی ہے۔

جس کے بعد این سی او سی نے بھارت کو 2 ہفتوں تک سفری ممالک کی فہرست میں کیٹیگری سی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق بھارت سے فضائی اور زمینی راستے سے پاکستان آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق بھارت میں موجود کورونا کی نئی قسم کے دیگر ممالک تک پھیلاؤ کے تناظر میں کیٹیگری سی ممالک کے جائزے سے متعلق اجلاس اب 21 اپریل کو ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: نئی دہلی کے ہسپتالوں اور قبرستانوں میں گنجائش کم پڑ گئی

خیال رہے کہ گزشتہ 5 روز سے بھارت میں کورونا وائرس کے 2 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں جس کے باعث ہسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی ہے۔

بھارت میں 19 اپریل کو کورونا وائرس کے مزید 2 لاکھ 73 ہزار 810 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی۔

اس کے علاوہ کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید ایک ہزار 619 کے اضافے کے بعد بھارت میں عالمی وبا سے اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار 769 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں بھارت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے باعث بھارتی وزیر اعظم نریندر کو مغربی بنگال میں انتخابی ریلیوں کے انعقاد پر کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں کی شدید تنقید کا سامنا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں