یکم جون سے ‎پی ٹی وی نیوز مکمل ایچ ڈی ہوجائے گا، فواد چوہدری

اپ ڈیٹ 22 اپريل 2021
فواد چوہدری کے مطابق ‏فلم اور ڈراما کی بحالی پہلی ترجیح ہے—فوٹو: اے پی پی
فواد چوہدری کے مطابق ‏فلم اور ڈراما کی بحالی پہلی ترجیح ہے—فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات کے ذیلی اداروں میں اصلاحات لانے کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے گا اور یکم جون سے پی ٹی وی نیوز مکمل طور پر ایچ ڈی ہوجائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی مختلف ٹوئٹس میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں اصلاحات کا جو سلسلہ 2018 میں شروع کیا تھا اسے وہیں سے دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نیوز کو ایچ ڈی کرنے کا جو منصوبہ 2019 سے زیر التوا تھا اسے یکم جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے اور یکم جون سے ‎پی ٹی وی نیوز مکمل ایچ ڈی ہوجائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اسی سال پی ٹی وی اسپورٹس بھی ایچ ڈی ہوگا اور ‎ نئے انگریزی چینل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور کے اسٹوڈیوز کو پی پی پی موڈ میں رینوویٹ کیا جائے گا اور اے پی پی کو ڈیجیٹل نیوز ایجنسی بنائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی ڈی اور اشتہارات کا نظام مکمل طور پر پیپر لیس کرنے کے اقدامات شروع کردیے ہیں اور ایکسٹرنل ونگ پوری طرح اپ گریڈ ہو گا۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ ‏فلم اور ڈراما کی بحالی پہلی ترجیح ہے، سرسید احمد خان اور ٹیپو سلطان کی زندگیوں پر عالمی سطح کی پروڈکشن پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ڈراما اور فلمسازوں کو کامیاب جوان پروگرام سے 5 کروڑ روپے تک قرضے کی سہولت دیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ‏پرنٹ اور ٹی وی میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے لیے وزیر اعظم ہاؤسنگ پراجیکٹ سے ذاتی گھر اور صحت کارڈ کی سہولت دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تنخواہوں کی ادائیگی لازمی کرنے کے لیے قانون سازی اور انشورنس لا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پریس کلب کو سہولتیں دینا بھی میری پالیسی ہو گی، ڈیجیٹل میڈیا کو مکمل سپورٹ دیں گے۔

علاوہ ازیں فواد چوہدری نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ 'قومی ترانے کی نئی ریکارڈنگ جو 2018 میں شروع کی گئی تھی وہ اب آخری مراحل میں ہے اور ترانے کی ڈیجیٹل ریکارڈنگ کو آئندہ چند ماہ میں ریلیز کیا جائے گا'۔

تبصرے (0) بند ہیں