فیصل ایدھی کا مودی کو خط، بھارت میں کورونا بحران سے نمٹنے کیلئے مدد کی پیشکش

اپ ڈیٹ 23 اپريل 2021
فیصل ایدھی نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ایدھی فاؤنڈیشن کی ہمدردیاں بھارت کے ساتھ ہیں — فائل فوٹو / وائٹ اسٹار
فیصل ایدھی نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ایدھی فاؤنڈیشن کی ہمدردیاں بھارت کے ساتھ ہیں — فائل فوٹو / وائٹ اسٹار

معروفی سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط میں بھارت میں کورونا سے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مدد کی پیشکش کردی۔

ایدھی فاؤنڈیشن سے جاری بیان کے مطابق فیصل ایدھی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ 'ہم کورونا بحران کے باعث بھارت کے عوام پر پڑنے والے اثر پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں'۔

انہوں نے لکھا کہ 'ہمیں آپ کے ملک میں کورونا کے انتہائی سنگین اثرات کا سن کر افسوس ہوا، جہاں عوام کی بڑی تعداد بے حد تکلیف میں مبتلا ہے'۔

فیصل ایدھی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایدھی فاؤنڈیشن کی ہمدردیاں بھارت کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو 50 ایمبولینس اور رضاکاروں کی ٹیم بھارت بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود رضاکاروں کی ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کورونا سے صورتحال سنگین: یومیہ کیسز کا نیا عالمی ریکارڈ

ان کا کہنا تھا کہ ایدھی فاؤنڈیشن حالات کی سنجیدگی سے واقف ہے اور ہم بھارت کی پوری طرح مدد کے لیے تیار ہیں جبکہ بھارتی عوام کی مدد کے لیے ہماری ٹیم تمام ضروری سامان کا انتظام کر لے گی۔

چیئرمین ایدھی فاؤنڈیشن نے اپنے خط میں واضح کیا کہ 'ہم آپ سے کسی معاونت کی درخواست نہیں کر رہے، ہماری ٹیم کو درکار ایندھن، خوراک اور دیگر ضروری سامان کا بندوبست ہم خود کر لیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہماری ٹیم ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز، آفس عملے، ڈرائیورز اور معاون عملے پر مشتمل ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجوزہ سروس پر عملدرآمد کے لیے بھارت میں داخلے کی اجازت کے علاوہ مقامی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے ضروری ہدایات کی درخواست ہے'۔

فیصل ایدھی نے خط میں لکھا کہ 'ہم آپ کی ہدایت پر کسی ہچکچاہٹ کے بغیر کسی بھی تشویشناک صورتحال والے علاقے میں اپنی ٹیم تعینات کرنے کے لیے تیار ہیں'۔

ادارے کے بیان میں کہا گیا کہ فیصل ایدھی اجازت ملتے ہی اپنی خصوصی رضاکار ٹیم کے ہمراہ بھارت روانہ ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں: بھارت: کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافے پر نریندر مودی کو اپوزیشن کی تنقید کا سامنا

علاوہ ازیں ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے بتایا کہ حالیہ رپورٹس میں بھارتی عوام کو درپیش مشکلات کے بعد ان کی تنظیم نے مدد کی پیشکش کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت میں ایک روز میں دنیا میں سب سے زیادہ 3 لاکھ 14 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے۔

دارالحکومت نئی دہلی سمیت بھارت کے شمالی اور مغربی علاقوں کے ہسپتالوں نے نوٹسز جاری کیے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ کورونا مریضوں کو زندہ رکھنے کے لیے ان کے پاس صرف چند گھنٹوں کی آکسیجن دستیاب ہے۔

دہلی حکومت کے آن لائن ڈیٹابیس کے مطابق دو تہائی سے زائد ہسپتال مکمل طور پر بھر چکے ہیں اور ڈاکٹروں نے مریضوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بھارت میں وبا کی تیزی سے بگڑتی صورتحال کے باعث صحت کا نظام بیٹھنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں