• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:28pm

ملک میں کورونا وائرس سے ریکارڈ 157 اموات، 5 ہزار 908 افراد متاثر

شائع April 24, 2021
ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 90 ہزار 16 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 16 ہزار 999 زندگی کی بازی ہار گئے — فائل فوٹو:رائٹرز
ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 90 ہزار 16 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 16 ہزار 999 زندگی کی بازی ہار گئے — فائل فوٹو:رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے جس کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مزید پابندیاں عائد کرتے ہوئے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں، جبکہ جمعہ کو ملک میں وبا سے ریکارڈ 157 اموات ہوئیں۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 5 ہزار 908 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 157 مریض انتقال کر گئے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 23 اپریل کو مجموعی طور پر 52 ہزار 402 ٹیسٹس کیے گئے جبکہ فعال کیسز 86 ہزار 529 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 90 ہزار 16 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 16 ہزار 999 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 ہزار 198 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 86 ہزار 488 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں، اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 24 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 3 ہزار 73 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 98 مریض دم توڑ گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 85 ہزار 542 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 897 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز مزید ایک ہزار 265 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 37 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 140 ہے جبکہ 3 ہزار 66 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں تیسری لہر کے دوران صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب کیسز میں واضح اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 855 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار 670 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 11 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 587 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 463 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 5 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 72 ہزار 613 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 657 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 134 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 مریض دم توڑ گئے۔

یہاں مجموعی طور پر 16 ہزار 327 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 458 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 112 افراد کو متاثر کیا اور 3 افراد انتقال کرگئے۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 21 ہزار 477 اور اموات کی تعداد 230 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی نسبت بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے اور گزشتہ روز 6 کیسز سامنے آئے، یہاں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 247 ہے۔

گلگت بلتستان میں مزید کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں اموات کی تعداد 104 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024