پاکستان کا رمضان میں فلسطینیوں پر اسرائیلی تشدد پر اظہار مذمت

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2021
انہوں نے کہا کہ ان 'غیر قانونی اقدامات' میں رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز سے اضافہ ہوا ہے — فوٹو: رائٹرز
انہوں نے کہا کہ ان 'غیر قانونی اقدامات' میں رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز سے اضافہ ہوا ہے — فوٹو: رائٹرز

پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں 'خطرناک پیشرفت' پر 'شدید تشویش' کا اظہار کیا ہے اور رمضان میں فلسطینیوں پر اسرائیلی تشدد کی مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق 'پاکستان کو مقبوضہ فلسطینی علاقے میں حالیہ خطرناک پیشرفت پر شدید تشویش ہے'۔

ترجمان نے کہا کہ 'اس میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نمازیوں کو ہراساں کرنا، معصوم فلسطینیوں کی گرفتاری اور دیگر من مانی پابندیاں عائد کرنا شامل ہے'۔

انہوں نے کہا کہ ان 'غیر قانونی اقدامات' میں رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز سے اضافہ ہوا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان، اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے ان پرتشدد کارروائیوں کی مذمت اور عالمی برادری سے فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان، فلسطین کے عوام کے خودارادیت کے حق اور اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی مکمل حمایت کرتا ہے جو خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیت المقدس میں اسرائیلی اور فلسطینی گروپس میں جھڑپیں، درجنوں زخمی

رمضان میں تنازع

اسرائیلی پولیس کے ساتھ فلسطینیوں کی تازہ جھڑپوں کا آغاز 13 اپریل کو رمضان کے آغاز سے ہوا تھا۔

فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے انہیں تاریخی دمشق گیٹ کے باہر روایتی رمضان اجتماع سے روکنے کی کوشش کی۔

پولیس نے کہا کہ یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا تاکہ مسلمانوں کی بحفاظت نماز کے مقام پر پہنچنے کو یقینی بنایا جاسکے۔

یروشلم میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان رمضان کے آغاز سے ہی رات کے اوقات میں جھڑپیں اور دیگر پرتشدد واقعات رونما ہوتے ہیں جن سے مقدس شہر میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

22 اپریل کو یروشلم میں اسرائیلی اور فلسطینی گروپوں کے درمیان پرتشدد واقعات کے بعد اسرائیلی پولیس نے 50 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا تھا، جبکہ ان واقعات میں 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: مسجد اقصیٰ میں رمضان المبارک کی پہلی نماز جمعہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

جمعرات کی رات سے جمعے کی صبح تک پولیس نے فلسطینی اور اسرائیلی مظاہرین کے درمیان تصادم روکنے اور انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

فلسطیی مظاہرین نے کچرے کو آگ لگا دی جبکہ اسرائیلی مظاہرین نے عربوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

امریکی سفارت خانے نے انگریزی، عبرانی اور عربی زبان میں جاری ایک بیان میں تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اشتعال انگیزی کے خاتمے اور پرامن ماحول کی بحالی پر زور دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں