• KHI: Partly Cloudy 18.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.1°C
  • ISB: Cloudy 15.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.1°C
  • ISB: Cloudy 15.1°C

بولان: چھ شدت پسند ہلاک

شائع August 14, 2013

فائل فوٹو

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے بولان میں منگل کی رات آپریشن کے دوران چھ شدت پسند مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

فرنٹیئر کورپس کے ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ضلع بولان کے علاقے ڈھاڈر کے قریب سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف ایک آپریشن کیا جس میں چھ شدت پسند ہلاک جبکہ فرنٹیئر کورپس کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران شدت پسندوں نے کافی مزاحمت کی جبکہ اس دوران زخمی ہونے والے دو اہلکاروں کو طبی امداد کیلیے سبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شدت پسندوں کے قبضے سے 40 کلو دھماکا خیز مواد، دیگر اسلحہ اور بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

آفیشلز کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقے میں کیے گئے اس آپریشن کے دوران فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان ایک گھنٹے سے زائد مدت تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جہاں صورتحال پر قابو پانے کیلیے فورسز کے مزید دستے طلب کیے گئے۔

اس دوران فائرنگ کے تبادلے کے باعث بلوچستان اور سندھ کے درمیان ڈھاڈر کے قریب وقتی طور پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی تاہم آپریشن کے بعد ایف سی نے روڈ پر ٹریفک بحال کرا دیا۔

سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کی لاشیں لیویز کے حوالے کر دی ہیں۔

کچھ دن قبل 14 مسافروں کو بس سے شناخت کے بعد اتار کر قتل کرنے کے واقعے کے بعد ضلع بولان اور سبی میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن تیز کر دیا ہے، مذکورہ حملے کی ذمے داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

مزید براں خضدار، تربت، خاران اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں یوم آزادی سے قبل دھماکے کیے گئے تاہم اس میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025