ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش میں 23مئی تک توسیع کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 09 مئ 2021
تعلیمی ادارے اب 17 مئی کے بجائے 23 مئی تک بند کر دیے گئے ہیں— فائل فوٹو: اے پی
تعلیمی ادارے اب 17 مئی کے بجائے 23 مئی تک بند کر دیے گئے ہیں— فائل فوٹو: اے پی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کرتے ہوئے انہیں 23 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تعلیمی اداروں کو 23 مئی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک میں کیمبرج سمیت تمام امتحانات 15 جون تک منسوخ

اس سے قبل تعلیمی ادارے 17 مئی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کردی گئی۔

تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے فیصلے پر 18 مئی کو نظرثانی کی جائے گی جس کے بعد ادارے کھولنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ملک بھر میں امتحانات 15 جون تک ملتوی کردیے گئے ہیں۔

چاند رات کو کاروبار بند ہو گا، صدر مملکت عارف علوی

دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عوام سے عید چھٹیوں کے دوران گھر پر رہنے کی اپیل کی ہے۔

ہفتہ کو ایوان صدر سے جاری ویڈیو بیان میں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ حکومت نے 10 سے 15 مئی تک عید کی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس دوران گھروں میں رہیں اور کورونا کی وجہ سے احتیاط کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمام کاروبار، بازار، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند ہے مگر کچھ چیزیں کھلی ہوئی ہیں جس میں کریانہ، میڈیکل اسٹورز اور ہسپتال شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے لیے تعلیمی ادارے بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ ہے، شفقت محمود

انہوں نے اپنے پیغام میں عوام سے مطالبہ کیا کہ عید کی چھٹیوں میں گھومنے پھرنے نہ جائیں، ساحل سمندر جیسے تفریحی مفامات تک جانے والے راستے بند ہوں گے کیونکہ جہاں عوام کا رش ہوگا وہاں کورونا وائرس بھی ہوگا۔

صدرمملکت نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت اور دیگر ممالک میں کورونا میں وائرس میں تیزی آگئی ہے، بھارت میں وباعروج پر پہنچ چکی ہے جبکہ سری لنکا اور نیپال سمیت کئی ممالک میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ چاند رات پر کاروبار مکمل طور پر بند ہو گا اور صوبائی اور مرکزی حکومت اس پر مکمل عملدرآمد کرائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہورہی ہے لیکن اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ کئی دن سے یومیہ 4ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور اوسطاً روزانہ اموات کا تناسب بھی 100 سے زائد ہے۔

مزید پڑھیں: تعلیمی ادارے کھولنے کے اعلان پر ٹوئٹر صارفین وزیر تعلیم سے نالاں

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں 4ہزار 109 افراد وائرس کا شکار ہوئے اور مزید 120 افراد ہلاک ہو گئے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے 8 لاکھ 54 ہزار 240 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 82 ہزار 731 ہے۔

ملک بھر میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 18 ہزار 797 ہو چکی ہے اور سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب اور سندھ میں ہوئی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں