کورونا کے پھیلاؤ میں کمی، 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 517 کیسز، 48 اموات رپورٹ

اپ ڈیٹ 15 مئ 2021
پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 73 ہزار 220 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 73 ہزار 220 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور یومیہ کیسز 5 ہزار سے کم ہو کر 3 ہزار کے آس پاس رپورٹ ہورہے ہیں تاہم حکام ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سرکاری سطح پر عالمی وبا کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 517 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید 48 افراد انتقال کر گئے۔

ملک میں 13 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کی تشخیص کے لیے 30 ہزار 700 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح 8.19 فیصد رہی اور فعال کیسز کم ہو کر 73 ہزار 398 رہ گئے ہیں۔

پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 73 ہزار 220 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 19 ہزار 384 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 4 ہزار 123 افراد صحتیاب ہوئے یوں کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 80 ہزار 438 تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو ہوئی تھی، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک وائرس کی 3 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

موجودہ لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر عیدالفطر کے موقع پر تفریحی مقامات بشمول پبلک پارکس، پکنک پوائنٹس، سیاحتی مقامات، ساحلِ سمندر وغیرہ بند رکھے گئے ہیں۔

حکام نے عوام پر زور دیا کہ وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عید کی تعطیلات کے دوران اپنے گھروں میں رہیں اور محفوظ رہیں۔

ملک میں 14 مئی 2021 کو کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب

صوبہ پنجاب کورونا وائرس کی تیسری لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہوا تاہم اب یومیہ کسیز میں مسلسل کمی کا سسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا کے مزید 792 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 15 اموات رپورٹ ہوئیں۔

پنجاب میں مجموعی طو پر کورونا وائرس سے 3 لاکھ 24 ہزار 106 افراد متاثر جبکہ 9 ہزار 282 انتقال کرچکے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں وبا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 881 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

مذکورہ اضافے کے بعد سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار 364 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 780 تک جاپہنچی ہے۔

خیبرپختونخوا

کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا کو زیادہ متاثر کیا تھا لیکن اب یہاں بھی وبا کے پھیلاؤ میں کمی کا رجحان ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ-19 کے مزید 489 کیسز اور 26 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اب تک خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 26 ہزار 403 افراد وبا سے متاثر جبکہ 3 ہزار 723 لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

بلوچستان

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سب سے وسیع صوبے میں مزید 50 افراد وائرس سے متاثر پائے گئے اور 2 انتقال کر گئے۔

نئے کیسز کے اضافے کے بعد بلوچستان میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 778 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 257 تک جا پہنچی ہے۔

اسلام آباد

کورونا کی تیسری لہر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی متاثر کیا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 244 کیسز سامنے آئے جبکہ 2 مریض انتقال کر گئے۔

اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 78 ہزار 969 ہے جبکہ 724 افراد وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 57 کیسز کی تصدیق ہوئی اور ایک مریض دم توڑ گیا۔

مذکورہ اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مجموعی طور پر 18 ہزار 186 افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 511 افراد کی موت کا سبب بھی بنا ہے۔

گلگت بلتستان

کورونا وائرس سے سب سے کم گلگت بلتستان متاثر ہوا ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 کیسز سامنے آئے اور 30 اپریل کے بعد سے مزید کویئ موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 414 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 107 ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں