نائیجیریا میں طیارہ گر کر تباہ، آرمی چیف ہلاک

اپ ڈیٹ 22 مئ 2021
ابراہیم اتاہیرو کا جنوری میں دیگر ملٹری سربراہان کے ساتھ تقرر ہوا تھا — فائل فوٹو / اے ایف پی
ابراہیم اتاہیرو کا جنوری میں دیگر ملٹری سربراہان کے ساتھ تقرر ہوا تھا — فائل فوٹو / اے ایف پی

نائیجیریا کے آرمی چیف لیفٹننٹ جنرل ابراہیم اتاہیرو شمالی ریاست کاڈونا کے سرکاری دورے کے دوران جہاز گر کر تباہ ہونے کے واقعے میں ہلاک ہوگئے۔

کاڈونا کو گزشتہ چند ماہ سے سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ طیارہ کاڈونا ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا جس کے محرکات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

یہ واقعہ ابوجا ایئرپورٹ کے بالکل باہر نائیجیرین ایئر فورس کا چھوٹا مسافر طیارہ انجن بند ہونے کے باعث گر کر تباہ ہونے کے واقعے کے تین ماہ بعد پیش آیا، اس وقعے میں جہاز میں سوار تمام 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

نائیجیریا کے صدر محمد بُحاری نے شدت پسندوں اور دیگر مسلح گروپوں کی طرف سے پرتشدد واقعات پر سالوں سے تنقید کے بعد جنوری میں ابراہیم اتاہیرو کا دیگر ملٹری سربراہان کے ساتھ تقرر کیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ میں نائیجیریا کی فوج کے حوالے سے کہا گیا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ خراب موسم میں اترنے کی کوشش کر رہا تھا۔

واقعے میں جہاز کے عملے سمیت دیگر 10 افسران بھی ہلاک ہوئے۔

صدر محمد بُحاری نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں