ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' کا ٹیزر جاری

اپ ڈیٹ 04 جون 2021
’دھوپ کی دیوار‘ کی کہانی معروف ڈراما اور ناول نگار عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے—اسکرین شاٹ
’دھوپ کی دیوار‘ کی کہانی معروف ڈراما اور ناول نگار عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے—اسکرین شاٹ

ٹی وی اسکرین اور حقیقی زندگی کی مقبول ترین شوبز جوڑی کا اعزاز رکھنے والے احد رضا میر اور سجل علی رواں ماہ جون میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے کے تناظر میں بنائی جانے والی ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' میں دکھائی دیں گے۔

'دھوپ کی دیوار' رواں ماہ جون میں بھارتی اسٹریمنگ پلی فارم زی فائیو پر ریلیز ہونے کے لیے تیار ہے۔

اور اب مداحوں کے طویل انتظار کے بعد سجل اور احد رضا میر کی آنے والی ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' کا پہلا ٹیزر ریلیز کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: سجل اور احد کی ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' کی پہلی جھلک

زی فائیو کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیے گئے ٹیزر میں سجل علی کو ایک سوال پوچھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں سفید رنگ کے لباس میں ملبوس سجل علی کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ 'ایک چھوٹا سا سوال پوچھنا تھا آپ سے، چلیں پہلے اس کا سیاق و سباق سمجھ لیتے ہیں'۔

وہ مزید کہتی ہیں کہ 'میں 19سال کی تھی جب میرے والد بارڈر پر ایک جنگ میں شہید ہوگئے تھے، اب آپ پہچانیں، میں پاکستانی ہوں یا ہندوستانی'۔

زی فائیو نے اس ٹیزر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ 'کھودیا ہے کسی نے اپنی زندگی کا ایک حصہ، لکیر کے اس پار یا اس پار، یہی ہے قصہ'۔

علاوہ ازیں 2 روز قبل ویب سیریز کے ہدایات کار حسیب حسن نے 'دھوپ کی دیوار' کا پوسٹر بھی شیئر کیا تھا۔

علاوہ ازیں حسیب حسن نے آج زی زندگی کی جانب سے ریلیز کیا گیا ایک اور ٹیزر بھی شیئر کیا ہے۔

اس سے قبل مارچ میں حسیب حسن نے احد رضا میر اور سجل علی کی شادی کی سالگرہ کے موقع پر 'دھوپ کی دیوار ' کی پہلی جھلک شیئر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پلوامہ حملے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ’دھوپ کی دیوار‘

انہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ 'اس موقع پر میں دھوپ کی دیوار سے ویشال اور سارہ کا پسندیدہ لمحہ شیئر کررہا ہوں'۔

ویڈیو میں احد رضا میر کو فون پر گنگناتے ہوئے سجل علی کو ہنسانے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا ویڈیو میں وہ کہہ رہے تھے کہ 'سارہ پاگل مت بنو، ورنہ پاکستان اور بھارت بہت اداس ہوجائیں گے۔۔۔سارہ۔۔۔سارہ'۔

ان سے قبل ویب سیریز کی پروڈیوسر شیلجا کیجریوال نے شوٹنگ کے دوران دونوں اداکاروں کی تصاویر شیئر کی تھیں۔

خیال رہے کہ ’دھوپ کی دیوار‘ کی کہانی معروف ڈراما اور ناول نگار عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے جبکہ اس کی ہدایات حسیب حسن دے رہے ہیں۔

'دھوپ کی دیوار' میں منظر صہبائی، سامیہ ممتاز، علی خان، عدنان جعفر، ثمینہ احمد اور زیب رحمٰن بھی دکھائی دیں گے اور یہ فلم بھارتی ویب چینل زی فائیو پر ریلیز ہوگی۔

حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ویب سیریز کی کہانی پاکستان اور بھارت کے 2 خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: سجل علی اور احد رضا میر کی رومانوی کہانی ’یہ دل میرا‘

ویب سیریز میں دراصل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیوں پر شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کے درد کو سامنے لانے کی ایک کوشش ہے۔

قبل ازیں ویب سیریز کے حوالے سے ہدایت کار حسیب حسن نے ڈان امیجز کو بتایا تھا کہ سجل علی ایک پاکستانی فوجی کرنل کی نوعمر بیٹی کا کردار ادا کریں گی اور ان کے والد کا کردار عدنان جعفر ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

ویب سیریز میں سویرا ندیم ان کی والدہ جبکہ منظر صہبائی دادا اور ثمینہ احمد دادی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حسیب حسن کے مطابق سامیا ممتاز ویب سیریز میں احد رضا میر کی والدہ اور زیب رحمٰنی ان کی دادی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

زارا ترین اور پارس مسرور جیسی اداکارائیں ’دھوپ کی دیوار‘ میں بھارتی افراد کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

اس ویب سیریز کی ریلیز کی تاریخ ابھی تک سامنے نہیں آئی لیکن کہا جارہا ہے کہ 'دھوپ کی دیوار ' کو جون میں ریلیز کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں